صنعتکاروں پر بجلی ‘ گیس ‘ پٹرول اور اضافی ٹیکسز کا بوجھ ڈالا جارہا ہے ۔ حافظ شیخ محمد اصغر قادری

فیصل آباد (آفتاب احمد خان    )چیئرمین آل پاکستان  ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپپٹما) حافظ شیخ محمد اصغر قادری نے کہا ہے کہ حکومت کی ترجیح انڈسٹری کو سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز نظر نہیں آرہی ہیں ۔ صنعتکاروں پر بجلی ‘ گیس ‘ پٹرول اور  اضافی ٹیکسز کا بوجھ ڈالا جارہا ہے ۔ٹرانسپورٹیشن کے بڑھتے اخراجات نے صنعتکار کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ پیداواری لاگت بے انتہا بڑھنے سے انڈسٹری تباہی کے دہانے پرپہنچ گئی ہے ۔ پٹرول کی قیمتوں کو ریوریس گیئر لگانا انتہائی ضروری  ہے ۔ انہوںنے کہا کہ صرف دو ہفتوں کے دوران مجموعی طورپر حکومت نے پٹرول کی قیمت میں پانچ فیصد کا اضافہ کیا ہے ۔ روسی خام تیل آج بھی بین  الاقوامی منڈیوں کے مقابلے میں 30 سے 35 فیصد تک سستا ہے مگر احکمرانوں کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں ۔ حکومت پہلے ہی پٹرول اور ڈیزل پر 60 روپے فی لیٹر لیوی وصول کررہی ہے اور تقریبا 82 روپے ٹیکس بھی وصول کیاجارہا ہے اسکے باوجود تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے ملک میں مہنگائی مزید بڑھ جائے گی ۔ تیل کی قیمتیں بڑھانے سے عوام کی قوت خرید مزید کم ہو رہی ہے جبکہ ٹرانسپورٹ مہنگی ہوئی گئی ۔ مہنگائی سے پریشان عوام کو ریلیف دینے کے لئے بجلی اور گیس کے شعبوں میں اصلاحات لاکر نقصانات کو ختم کیا جائے جبکہ ناکام سرکاری اداروں کو فوری پرائیوٹائز کیا جائے تو اربوں ڈالر سالانہ بچائے جا سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پالیسی ساز بھی تیزی سے تبدیل ہوتی عالمی حالات پر نظر رکھیں اور عوام کو مشرق وسطی کی کشیدگی کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے منصوبہ بندی کریں کیونکہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری سے بہت پریشان ہیں اور مزید بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں ۔

0/Post a Comment/Comments