عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور آئندہ چند روز تک افتتاح کیلئے تیار ہوگا

فیصل آباد(یوسف بخاری)حکومت پنجاب کی خصوصی منظوری سے ایف ڈی اے کی زیرنگرانی زیر تعمیر عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے ریلوے ٹریک کے اوپر کا بقایا تعمیراتی کام مکمل کرنے کیلئے سپیشل ہیوی مشینری پہنچ چکی ہے جس کے ذریعے ریلوے ٹریفک کے اوپر والے حصے پر گرڈرز رکھنے کا کام مکمل کیاجائیگا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے بقایا تعمیراتی کام کی تیز رفتار تکمیل کے حوالے سے حکمت عملی طے کرنے کیلئے چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب گجر نے سائٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ عمر اقبال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد رضوان ودیگر انجینئرز کے علاوہ نیسپاک اور تعمیراتی کمپنی کے نمائندے موجود تھے۔ چیف انجینئرنے فلائی اوور کے تمام حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور بتایا کہ محکمہ ریلویز سے ٹرینوں کی آمدورفت کے شیڈول میں ردوبدل اور ریلوے ٹریک پر تعمیراتی کام جاری رکھنے کیلئے این اوسی کے اجراء کے بعد گرڈرز کی تنصیب کیلئے درکار خصوصی مشینری / کرینز اسلام آباد اور لاہور سے حاصل کئی گئی ہیں جو کہ ملک بھر میں کامیاب مشینری ہے جس کی تکینکی و فنی مدد سے گرڈرز بچھانے کا کام آسانی سے ہو سکے گا ۔ انہوں نے انجینئرز سے کہاکہ وہ ان کرینز /مشینری کو تیزی کے ساتھ مختلف زاویوں سے متعین اور فعال کریں تاکہ تعمیراتی کام بلاتاخیر شروع ہوسکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بقایا تعمیرات مکمل کرنے کیلئے تعمیراتی سرگرمیوں کو مکمل طور پر محفوظ رکھاجائے اس سلسلے میں تکنیکی لحاظ سے حفاظتی اقدامات کو مستحکم انداز میں برقرار رکھیں تاکہ کسی قسم کے خطرے یا رکاوٹ کا احتمال نہ رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے ٹریک کے اوپر تعمیراتی کام کی تکمیل کے بعد عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور پر سڑک کارپٹ کردی جائیگی اور شہری ترقی کے شعبے میں یہ میگا پراجیکٹ آئندہ چند روز تک افتتاح کیلئے تیار ہوگا اور شہری بہت جلد اس منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں گے۔

0/Post a Comment/Comments