فیصل آباد(جواد شیرازی)ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے ماڈل کیٹل مارکیٹ نیاموآنہ سمندری روڈکا دورہ کیا اورعیدالاضحی کے حوالے سے بیوپاریوں وخریداروں کے لئے انتظامات چیک کئے۔انہوں نے شیڈز کی موجودگی،پارکنگ ایریا،پانی کی دستیابی کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے معیاری سروسز فراہم کی جائیں جبکہ قربانی کے جانوروں کو چیچڑ وکانگو وائرس سے بچانے کے لئے ویکسینیشن کا انتظام ہونا چاہیے۔انہوں نے واضح کیا کہ کوئی جانور چیکنگ کے بغیر منڈی میں نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے ماڈل مویشی منڈی میں تمام تر انتظامات کو فی الفور مکمل کرنے کی تاکیدکی۔ڈپٹی کمشنرنے نیاموآنہ میں مویشی منڈی سے ملحقہ ریسکیو1122 کی سائٹ کا بھی معائنہ کیا اور اسسٹنٹ کمشنرسٹی کو ضروری ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس مقام پر غیرقانونی مویشی منڈی نہیں لگنی چاہیے۔ڈپٹی کمشنرنے خانوآنہ بائی پاس ستیانہ روڈ کا دورہ بھی کیا اورعارضی مویشی منڈی کے لئے متعلقہ سائٹ دیکھی۔انہوں نے منڈی کے قیام کے لئے ضروری انتظامات اور محکموں کے سٹاف کی ڈیوٹی ودیگر ضروری انتظامات کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں