فیصل آباد(اعجاز اسلم گل)ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے ہنگامی دورہ کرکے ایف ڈی اے کی زیر نگرانی زیر تعمیر عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے منصوبے کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نوید اقبال ودیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب گجر نے ڈپٹی کمشنر کو فلائی اوور کی تعمیراتی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ محکمہ ریلویز سے اجازت نامہ ملنے کے بعد ریلوے ٹریک کے اوپر والے حصے کو ترجیجی بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے جس کیلئے ہیوی مشینری اسلام آباد اور لاہور سے منگوائی گئی ہے جس کی مدد سے گرڈرز نصب کئے جارہے ہیں اور یہ کام آئندہ ہفتہ تک مکمل ہوجائیگا۔ ڈپٹی کمشنر نے فلائی اوور کے دیگر مختلف تعمیراتی حصوں کا معائنہ کیا اور ایف ڈی اے کے افسران سے کہا کہ وہ ریلوے ٹریک کے اوپر فلائی اوور کے گرڈرز رکھنے کے تعمیراتی کام کی مکمل نگرانی کریں اور تمام تر تکنیکی و فنی تقاضوں کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ترقی کے اس میگا پراجیکٹ کی بلاتاخیر تکمیل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے جس میں کوئی سستی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں تعمیراتی کوالٹی پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بقایا کام تیزی سے مکمل کیاجائے تاکہ اس ترقیاتی منصوبے کو عوامی استفادے کیلئے جلد کھولا جاسکے۔ انہوں نے تعمیراتی عمل کے دوران شہری حقوق کا ذمہ داری سے خیال رکھنے اور تمام تر تعمیرات کو محفوظ بنانے کے اقدامات کوبرقرار رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ منصوبے کے قریب گزر گاہوں کو صاف اور گردو غبار کے سدباب کے لئے انتظامات میں رخنہ اندازی نہیں ہونی چاہیے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ضروری اقدامات پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں