فیصل آباد میں محنت کشوں میں میرج گرانٹ اور ڈیتھ گرانٹ کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب

 


فیصل آباد میں محنت کشوں میں میرج گرانٹ اور ڈیتھ گرانٹ کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب

فیصل آباد(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں محکمہ محنت و انسانی وسائل کے زیر اہتمام میونسپل کارپوریشن ہال فیصل آباد میں محنت کشوں میں میرج گرانٹ اور ڈیتھ گرانٹ کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں سابق رکن صوبائی اسمبلی شیخ اعجازاحمد، صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزفاروق یوسف شیخ، محکمہ محنت و انسانی وسائل کے افسران، محنت کشوں اور ان کے اہلخانہ سمیت دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران مستحق محنت کشوں اور ان کے خاندانوں میں3 کروڑ روپے مالیت کے میرج گرانٹ اور ڈیتھ گرانٹ کے مالی معاونت کے چیکس تقسیم کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ محنت کش ملکی معیشت اورمعاشرتی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی فلاح و بہبود حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔ محنت کش طبقے کو مالی مشکلات کے دوران حکومتی معاونت فراہم کرنا ایک اہم فلاحی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے بچوں کی تعلیم، صحت، شادی اور دیگر بنیادی ضروریات کے لئے حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات ان کے معیارِ زندگی میں بہتری لانے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میرج گرانٹ کی رقم4 لاکھ سے بڑھا کر6 لاکھ جبکہ ڈیتھ گرانٹ 8 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے تک کا اضافہ کرناوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محنت کش دوست اقدامات کا عملی اظہار ہے۔ حکومت پنجاب کی کوشش ہے کہ مستحق محنت کشوں کو ان کے جائز حقوق اور مالی معاونت بروقت اور شفاف انداز میں فراہم کی جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محنت کشوں کے ویلفیئر گرانٹس سے متعلق کیسز پر بلاجواز تاخیر نہ کی جائے اور مستحق افراد کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود سے متعلق حکومتی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے فلاحی اقدامات کا بنیادی مقصد معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کو مالی تحفظ فراہم کرنا اور انہیں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔تقریب کے اختتام پر مستحق محنت کشوں اور ان کے اہلخانہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کی جانے والی مالی معاونت پر اظہار تشکر کیا۔

0/Post a Comment/Comments