فیسکو پاکستان کی ممتاز ترین تقسیم کار کمپنی ہے اسکی کارکردگی کو مزید قابل تقلید بنائیں گے, ملک تحسین اعوان

جڑانوالہ (    سید عامر شاہ سے       )چیئرمین فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق دوردراز اور پسماندہ علاقوں کو قومی دھارے میں لانے،صنعت و زراعت کی ترقی اور عوام کو بجلی کی بنیادی سہولت بہم پہنچانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام ہورہا ہے۔فیسکو پاکستان کی ممتاز ترین تقسیم کار کمپنی ہے اسکی کارکردگی کو مزید قابل تقلید بنائیں گے۔وہ جڑانوالا کے نواحی گاؤں 582گ ب میں نئے 132کے وی گرڈسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی اولین ترجیح ملکی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہے۔مسلم لیگ جب بھی برسراقتدار آئی اس نے ملکی انفراسٹرکچر،عوام کو روزگار مہیا کرنے اور صنعت و زراعت کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے بہترین کارکردگی دکھائی اور خدمت کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔انشاء اللہ جڑانوالا کو ضلع کا درجہ دیاجائے گااورایک مزید جدید گرڈسٹیشن بنایا جائے گا۔ملک تحسین اعوان نے گرڈسٹیشن کے قیام میں حصہ لینے والی جی ایس سی کی ٹیم کیلئے ایک بنیادی تنخواہ کے برابر بونس اور چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد سمیت افسران کیلئے تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان بھی کیا۔رکن قومی اسمبلی و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی ملک نواب شیروسیر نے پرہجوم جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے چالیس سالہ سیاسی سفر میں عوامی خدمت اور علاقے کی ترقی کو اولیت دی ہے۔سیدوالا جڑانوالا میں گرڈکی بہت ضرورت تھی۔عوام الناس کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے پیش نظر انہوں نے فیسکو انتظامیہ اور دیگر حلقوں تک یہ آواز اٹھائی اور اب الحمد للہ صرف 5 ماہ کی ریکارڈمدت میں 67کروڑ روپے کی لاگت سے 582گ ب گرڈسٹیشن مکمل کرلیا گیا ہے اور اس کی کمیشننگ بھی کردی گئی ہے۔گرڈکے بننے سے جڑانوالا،لنڈیانوالا،روڈالہ سیدوالا اور دیگر سینکڑوں دیہاتوں کے عوام کو ریلیف ملے گا۔علاقے میں نئے صنعتی اور زراعتی کنکنشنز کا اجراء زیادہ تیزی سے ہوگا،چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیسکو کے اس گرڈکے قیام کیلئے نواب شیروسیر ایم این اے کی کاوشوں کا اہم کردار ہے فیسکو نے یہ گرڈاپنے وسائل سے مکمل کیاہے۔اس میں 20/26ایم وی اے کے دوپاور ٹرانسفارمر رکھے گئے ہیں اور15.600کلومیٹر ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن بھی تعمیر کی گئی ہے۔اس گرڈ کے بننے سے جڑانوالا اور لنڈیانوالا کے گرڈسٹیشنز کے ریلیف ملے گا۔لووولٹیج کا خاتمہ ہوگا۔گرڈبننے سے قبل یہاں لوڈشیڈنگ کاسامنا تھا اور نئے کنکشنز محدود تعداد میں جاری ہورہے تھے۔تقریب سے میاں عرفان شاہد نے بھی خطاب کرتے ہوئے نئے گرڈکے قیام پر چیئرمین فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین اعوان اور فیسکو انتظامیہ کا شکریہ اداکیا۔جلسہ عام میں مسلم لیگ کی مقامی قیادت اور فیسکو افسران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں ایم این اے نواب شیروسیر اور چیئرمین فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز ملک تحسین کا پرتپاک استقبال کیاگیا اور ڈھول کی تھاپ پر لڈی پارٹیوں نے رونق لگائی۔

0/Post a Comment/Comments