فیصل آباد (سید یوسف بخاری )چیئرمین اپپٹما حافظ شیخ محمداصغر قادری نے آئی ٹین فور اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی جس میں ایک پولیس اہلکار شہید،بعض پولیس افسران اور شہری زخمی ہوئے۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور شہید پولیس اہلکار کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا جس نے اپنی جان کی قربانی دے کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ دھماکوں اور دہشت گرد حملوں کے واقعات کے دوبارہ سر اٹھانے سے ملک کی تاجر برادری میں تشویش بڑھ رہی ہے کیونکہ وہ ایسے واقعات کی وجہ سے خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں، پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے دوبارہ ابھرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ کیونکہ اس سے معیشت کو بہت نقصان پہنچے گا جبکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا امیج خراب ہو گا،انہوں نے کہا کہ معیشت کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا اشد ضروری ہے جس کیلئے پاکستان کو ایک پرامن ماحول کی ضرورت ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں