کم وزن تولنے والے کنڈے سیل اور کسانوں کا استحصال کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔ڈویژنل کمشنر

فیصل آباد(عدنان جسپال)محکمہ زراعت(توسیع)نے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں کھادوں کی دستیابی اور قیمتوں کو چیک کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزی اور زائد قیمت پر فروخت پر گزشتہ اڑھائی ماہ میں 14ڈیلرز کے خلاف مقدمات درج کرائے جبکہ 8 دکانوں کو سیل،2812 بیگز برآمد اور گرانفروشوں کو 16 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے۔یہ بات ڈویژنل کمشنر محمد شاہد نیاز کی زیر صدارت ڈویژنل ایگریکلچر ایڈوائزی کمیٹی کے اجلاس کے دوران ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔اجلاس میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان،محکمہ زراعت کے افسران اور کسان اتحاد کے نمائندے بھی شریک تھے۔ڈائریکٹر زراعت نے گندم سمیت دیگر فصلوں کی صورتحال،کھادوں کی دستیابی ومقررہ نرخ پر فروخت،شوگر کین کریشنگ سیزن کی مانیٹرنگ، کسانوں کی فلاح وبہبود کے اقدامات سے تفصیلی آگاہ کیا۔ڈویژنل کمشنر نے ہدایت کی کہ کسانوں کو مقررہ نرخوں پر کھادوں کی دستیابی یقینی بنائی جائے جبکہ ذخیرہ اندوزی یا اوورچارجنگ میں ملوث ڈیلرز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کے ساتھ کھاد کا سٹاک ضبط اور موقع پر ہی نوٹیفائیڈ قیمت پر فروخت کرائی جائے۔ انہوں نے ڈویژن بھر میں کریشنگ سیزن کی سخت مانیٹرنگ جاری رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ کم وزن تولنے والے کنڈے سیل اور کسانوں کا استحصال کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔ڈویژنل کمشنر نے محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک کو کاشتکاروں سے قریبی رابطہ استواررکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو حکومت پنجاب کے اقدامات کے ثمرات میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کسان اتحاد کے نمائندوں کی طرف سے پیش کردہ بعض مسائل کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

0/Post a Comment/Comments