فیصل آباد(شکیل احمد)گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد کے پرنسپل سعید احمدنے کہا ہے کہ ہنر مند نوجوان ملکی صنعتی و معاشی ترقی کے ضامن ہیں اس لئے صنعتوں کیساتھ ٹیکنیکل ادارہ کے بچوں کی تربیت،ملازمت وبہبودیقینی بنانے کیلئے بھرپوراقدامات جاری ہیں کیونکہ یہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ سادہ ایف اے، بی اے پاس بیروزگار نوجوانوں کی فوج ظفر موج تیا ر کر کے انہیں خود اور اپنے والدین اور ملک و قوم پر بوجھ بنانے کی بجائے انہیں صنعتوں کی ڈیمانڈ اور مارکیٹ میں ہنر کی طلب کے جدید رجحانات کو مد نظر رکھتے ہوئے متعلقہ صنعتی، کاروباری و تجارتی شعبہ، سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز اور انٹر پرینیورز کی مشاورت سے ایسے ٹریڈز میں عملی مہارت،سکل اور تعلیم و تربیت فراہم کی جائے کہ انہیں مختلف ٹریڈز کے ٹیکنیکل کورسز مکمل کرنے کے بعد نہ صرف فوری ملازمت میسر آسکے بلکہ وہ ملک و قوم کیلئے خود کو مفید ثابت کرنے سمیت اپنے خاندان کا سہارا بھی بن سکیں۔وہ ڈسٹرکٹ بورڈآف مینجمنٹ ٹیوٹا فیصل آبادکے صدرکی ہدایت پرگورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد میں منعقدہ مشاورتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں 7 رکنی کمیٹی کے ارکان کنوینر کمیٹی حاجی ادریس سدھا ڈائریکٹر ممتاز مغل پروسیسنگ،خواجہ احسن سکا ڈائریکٹر ایچ آر کرس پینٹس،عامر افتخار ڈائریکٹر منصب امتیاز ویونگ، خرم شہزاد ڈائریکٹر اناد فیبرکس،عبداللہ قادری ڈائریکٹر ستارہ لیبل اور فرخ اللہ خان آئی ٹی انسٹرکٹر ٹی ٹی آئی نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب میں پرنسپل گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ نے کہا کہ کمیٹی ان کے ادارے کی سرگرمیوں کے فروغ اور طلبا کی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ کوشاں رہی ہے لیکن گزشتہ سالوں میں کورونا وبا کے باعث ان کے ادارہ اور کمیٹی کے درمیان رابطے عارضی طور پر معطل ہو گئے تھے تاہم اب وہ کمیٹی سے ملتمس ہیں کہ کمیٹی اور ادارہ دوبارہ اپنے تعطل شدہ رابطے بحال و فعال کرے تاکہ انڈسٹری کے ساتھ ان کے ادارے کے بچوں کی بہبود، ملازمت اور ٹریننگ کیلئے اقدامات جاری رہیں اور زیادہ سے زیادہ طلبا یہاں سے تربیت پا کر اپنے ملک و قوم اور والدین کی خدمت کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح ادارہ کے بچوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے مقاصد کی تکمیل ممکن ہو سکے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ مختلف صنعتی تنظیموں اور خصوصاًایکسپورٹ ٹریڈ سیکٹر کی آرگنائزیشنزکے عہدیداران سے امید کرتے ہیں کہ وہ عالمی رجحانات کے پیش نظر ان کی رہنمائی کریں گے تاکہ ایسے کورسز کو متعارف اور پہلے سے جاری ٹیکنیکل کورسز کو اس طرح اپ ڈیٹ کیا جا ئے کہ جہاں ان کورسز کی تکمیل پر متعلقہ ہنر مند نوجوانوں پر مشتمل افرادی قوت کو فوری باعزت روزگار کے مواقع میسر آسکیں وہیں ملکی صنعتی، کاروباری،برآمدی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بھی مستحکم کرنے میں مدد مل سکے۔اس موقع پر کمیٹی کے ارکان نے سربراہ ادارہ کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

ایک تبصرہ شائع کریں