ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ بغیر اطلاع تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چک جھمرہ پہنچ گئے

فیصل آباد(عمران اشرف)ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ بغیر اطلاع تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چک جھمرہ پہنچ گئے اورہسپتال کے مختلف شعبوں میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اورڈاکٹرز سٹاف کی حاضری و صفائی کی صورتحال دیکھی۔انہوں نے مریضوں ولواحقین سے ادویات کی فراہمی وعلاج معالجہ کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ مریضوں کو علاج معالجہ وادویات کی فراہمی میں رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچنے چاہیں۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے ہنزہ شوگر ملز چک جھمرہ کا بھی دورہ کیا اورکریشنگ سیزن کے تحت گنے کے کاشتکاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ملز انتظامیہ کو کاشتکاروں کے واجبات کی بلارکاوٹ ادائیگیوں کی تاکیدکی اورموقع پر موجود کسانوں سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ گنے کے کاشتکاروں کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنارہی ہے اور کسی کو کاشتکاروں کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے میونسپل کمیٹی آفس چک جھمرہ کا دورہ بھی کیا اورآفس کے مختلف حصے دیکھے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو یوٹیلٹی سروسز کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

0/Post a Comment/Comments