فیصل آباد(شکیل احمد)ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے اشتراک سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت ملی جوش وجذبے سے منایا گیا اس سلسلے میں مختلف تقریبات کااہتمام کیا گیا تھا۔قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کا کیک کاٹنے کی مرکزی تقریب گورنمنٹ کریسنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول شیخوپورہ روڈمیں منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل سلطان مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن افتخارخان، ڈی اوز سیکنڈری و ایلیمنٹری ملک منظور،راحیلہ بانو،پرنسپل ادارہ میاں سعید،انچارج ضلعی ایمرجنسی آپریشنل سنٹر محمد صادق،گروپ ڈائریکٹر ایم ٹی ایم ناصر علی ضیاء،محمد اختر بٹ،سابق اعزازی ڈپٹی کمشنر مروا بسرا،مقررہ فیصل آباد انظل افتخار،رنر اپ مقررہ عائشہ صدیقہ کے علاوہ اساتذہ اور طالبات بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب کے دوران مقررہ فیصل آباد سمیت طالب علموں نے قائداعظم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقاریر پیش کیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح وہ اعلی پائے کی شخصیت تھیں جنہوں نے ہمارے لئے الگ وطن بنایا اورلوگوں میں ہم آہنگی پیدا کی ان کی لیڈر شپ تاریخ کی ایک اولین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان میں عظمت وقابلیت اورنیک نامی کی ساری خوبیاں پیدائشی تھیں یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ رب کائنات نے ہمیں قائداعظم جیسا لیڈر عطا فرمایا۔انہوں نے قائداعظم کی شخصیت اور ان کے کارناموں کو زبردست انداز میں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔انہوں نے کہا کہ آج ہم خوش قسمت ہیں کہ ایک آزاد مملکت میں سانس لے رہے ہیں جہاں ہمیں مکمل مذہبی اور معاشرتی آزادی حاصل ہے۔تقریب کے دوران بابائے قوم کی عظیم خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ آزادی کے حصول کے لئے قائداعظم کی انتھک کوششیں اور کارنامے تاریخ و تحریک پاکستان کا سنہری باب ہیں۔تقریب کے اختتام پر ملک وقوم کی سلامتی اورترقی وخوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی اور قومی ترانہ بھی پڑھاگیا۔

ایک تبصرہ شائع کریں