ہارٹ فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ 10 بیڈز پرمشتمل کارڈیک کیئریونٹ II کا افتتاح

فیصل آباد(ارم نواز)ضلعی انتظامیہ کی تحریک اور ہارٹ فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں مخیر کاروباری شخصیات کے تعاون سے سٹیٹ آف دی آرٹ 10 بیڈز پر مشتمل کارڈیک کیئریونٹ II کا افتتاح کردیا گیاجس کی تعمیر ودرکارطبی مشینری پر تقریبا ایک کروڑ روپے لاگت آئی ہے اور یونٹ میں دل کے مریضوں کو علاج معالجہ کی بلامعاوضہ سروسز فراہم کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے چیئرمین ٹرسٹ/ماہر امراض قلب ڈاکٹر جاوید اقبال اور مخیر صنعتکاروں کے ہمراہ نوتعمیرشدہ یونٹ کا افتتاح اور وارڈ کا دورہ کرکے دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے دستیاب طبی سہولیات ومشینری کامعائنہ جبکہ زیرعلاج مریضوں کی عیادت بھی کی۔چیئرمین اپٹپما حافظ شیخ محمد اصغر قادری،میاں لطیف،ناصر ضیاء،شیخ امجد،رانا عاصم، آفتاب گوہر،نواز چٹھہ کے نمائندہ اور دیگر صنعتکاروں کے علاوہ انچارج ضلعی ایمرجنسی آپریشنل سنٹر محمد صادق اور امراض قلب کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کارڈیک کیئر یونٹII میں مالی معاونت کرنے والوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبہ میں وسعت کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے تاہم مریضوں کو بلامعاوضہ معیاری علاج کی فراہمی کے لئے سہولیات فراہم کرنے میں فیصل آباد مخیر حضرات کا کوئی ثانی نہیں جو ہر شعبہ میں حکومت کا ہاتھ بٹارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے دل کے امراض کے باعث طبی سہولیات میں وسعت ناگزیر ہے اور اس کارخیر میں شراکت داری کرنے والوں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح وبہبود کے کاموں میں حصہ ڈالنے والے مخیرکاروباری شخصیات کی سروسز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انہیں موثر اور خوشگوار پلیٹ فارم مہیا کرنے کابھی ارادہ ہے۔ماہر امراض قلب نے بتایا کہ اس سے قبل 16 بیڈز پر مشتمل یونٹ ون مکمل فنکشنل اور دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کاروباری افراد کی معاونت کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ یونٹ ٹو کے قیام سے علاج معالجہ میں وسعت آئی ہے۔

0/Post a Comment/Comments