فیصل آباد(محمد تبسم )کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے خلاف سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی جماعت اسلامی کے کارکنوں کا پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ضلعی امیرپروفیسر محبوب الزماں بٹ صوبائی نائب امیر سرار ظفر حسین، شیخ محمد مشتاق، رانا سکندر اعظم، اجمل بدر، اور دیگر کی قیادت میں ہونے والے مظاہرہ میں خواتین اور معصوم بچوں نے بھی شرکت کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محبوب الزماں بٹ نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ کسی کو کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں گے۔ جیتے ہوئے الیکشن رزلٹ پر کسی کو شب خون مارنے نہیں دیا جائے گا۔ عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کے خلاف ہر سطح پر بھرپور مزاحمت کرے گی۔ پیپلزپارٹی نے ایک دفعہ پھر71ء کی تاریخ دہرانے کی کوشش کی ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ جماعت اسلامی کی طرح پیپلز پارٹی بھی ا ٓئین وقانون کی بالادستی اور جمہوریت پریقین رکھتے ہوئے عوام کے فیصلے کو قبول اوراسکے مینڈیٹ کا احترام کرے۔انہوں کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کا امتحان ہے اور اس سے عوام کے ذہنوں میں ادارہ کے بارے میں شکوک شبہات پیدا ہو رہے ہیں،عوامی مینڈیٹ کا ہر حال میں احترام ہونا چاہیے۔ جماعت اسلامی آئین اور قانون کی بالادستی اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور سمجھتی ہے کہ عوام ہی کا فیصلہ آخری ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی سے اٹھنے والی لہر سے پورا پاکستان منور ہوگا اور اسلامی انقلاب پاکستان کا مقدربنے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں اور فیصلہ سازوں پر واضح کرنا چاہتے ہیں کراچی میں عوامی فیصلہ پر ڈاکہ مت ڈالیں، کراچی اپنے اصل کی طرف لوٹ رہا ہے، عوام کو مہنگائی، غربت اور جہالت کے تحفے دینے والوں کا آئندہ الیکشن میں مکمل صفایا ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے جس جماعت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کے مطابق ہی نتائج کا اعلان ہونا چاہیے۔ کراچی کے عوام نے پوری قوم کے لیے روشنی کی امید پیدا کی ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ روشنی اب پورے ملک میں پھیلے گی۔جماعت اسلامی ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالے گی۔

ایک تبصرہ شائع کریں