ڈسٹرکٹ شوگر کین کمیٹی کا اجلاس

فیصل آباد(سید جاوید شاہ)ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ شوگر کین کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل سلطان کی صدارت میں منعقد ہواجس میں ضلعی کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)چوہدری خالد محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں گنے کی فصل دو لاکھ تیس ہزار ایکڑرقیب پر کاشت کی گئی اور اب تک 35 فیصد فصل کی برداشت ہوچکی ہے جس کی شوگر ریکوری 10 فیصد سے زیادہ ہے جو کہ شوگر انڈسٹری اور ملکی معیشت کے لئے اچھا شگون ہے۔ پبلک کی روڈ سیفٹی کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے ضلعی آفیسر ریسکیو 1122 فیصل منیر نے بتایا کہ ملز کو گنا لے کر جانے والی ٹرالیوں پر ریفلیکٹرز اور چائنا لائٹ کی تنصیب نہ ہونے کی وجہ سے اب تک 20 حادثات رپورٹ اور 9 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔حادثات کی روک تھام کے لئے ملز انتظامیہ کو ہر ٹرالی پر ریفلیکٹرز اور چائنا لائٹ نصب کرنی ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی روڈ سیفٹی کے متعلق آگاہی سیمینارز کا انعقادناگزیر ہے تاکہ دھند کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں کمی لائی جاسکے۔کاشتکاروں کی نمائندگی کرتے ہوئے صدر کسان بورڈ تحصیل تاندلیانوالہ عظیم ترانہ نے کہا کہ بعض شوگر ملز کی انتظامیہ کی طرف سے کسانوں کے حقوق کے تحفظ پر تحفظات ہیں،کاشتکار کو ناجائز کٹوتی اور عدم ادائیگی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہفتہ میں دو بار شوگر ملز کا دورہ کریں اور موقع پر جاکر کاشتکاروں کے مسائل کا ازالہ کرکے 15 روز کے اندر پیمنٹ یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والی ملز کے خلاف ضابطہ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے ٹریفک پولیس سے کہا کہ ریفلیکٹرز اور چائنا لائٹ کی ٹرالیوں پر تنصیب یقینی بنائیں اور اگلے اجلاس میں پراگریس رپورٹ پیش کریں۔

0/Post a Comment/Comments