فیصل آباد(سید جاوید شاہ)ڈپٹی کمشنرعمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ وہ روزانہ صبح ڈی سی آفس استقبالیہ پربیٹھ کر شہریوں کے مسائل وشکایات سننے اوران کے حل کے لئے سرگرم عمل ہیں تاہم ضلعی افسران بھی لوگوں کی شکایات ومسائل اپنے دفاتر میں حل کرنے پر توجہ دیں اس سلسلے میں درخواست گزاروں کو خندہ پیشانی سے سن کر انہیں تسلی بخش ریلیف فراہم کریں تاکہ ان کا ضلعی دفاتر پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے ان کی درخواستوں پر احکامات جاری کئے اور متعلقہ افسروں کوسائلین کو بلاتاخیر ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے محکمہ مال،تعلیم،صحت،واسا،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،پی ایچ اے اور دیگر محکموں واداروں کے بارے میں لوگوں کی شکایات سنتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو محکمانہ ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ کھلی کچہری کے دوران ڈپٹی کمشنر نے عوامی شکایات پر بعض علاقوں سے تجاوزات کے خاتمے،سیوریج سسٹم کی درستگی،فالتو تعمیراتی میٹریل اٹھانے ودیگر مسائل فوری دور کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ صارفین سے کھانے پینے کی اشیا کی زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کریں اور ناجائز منافع خوروں کو بھاری جرمانے اور انہیں جیل بھجوائیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں آٹے کی کوئی قلت نہیں فلورملز سے روزانہ 1500 میڑک ٹن آٹا سیل پوائنٹس اور نوٹیفائیڈ شاپس پر سپلائی اور مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے کوٹہ بھی بڑھایا جارہا ہے۔
ایک تبصرہ شائع کریں