فیصل آباد(یوسف بخاری)ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ عوامی شکایات پر صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ناولٹی پل کے نیچے فش مارکیٹ پہنچ گئے اور سیوریج و کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کی موجودگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واسا،میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ڈویلپمنٹ کے افسران کو موقع پر طلب کرلیا۔ڈپٹی کمشنر نے فش مارکیٹ کو صاف ستھرا بنانے کے لئے متعلقہ محکموں کو فوری پلان وضع کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو تین شفٹوں میں صفائی ستھرائی اور ویسٹ اٹھا کر مناسب انداز میں ٹھکانے لگانے،واسا کو ڈسپوزل اسٹیشن فنکشنل ہونے تک روزانہ سکر مشینیں لگاکرسیوریج کا نظام بحال اور کھڑے پانی کو کلیئر کرنے،میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ڈسپوزل و ڈرینز تعمیر کرنے اور روڈ کی تعمیر وبحالی کے لئے تیز رفتار اقدامات کرنے کا ٹاسک تفویض اور ٹائم لائنیز مقررکیں۔انہوں نے فش فروخت کرنے والے دکانداروں سے بھی ملاقات کی اور زور دیا کہ صاف ستھرا ماحول قائم رکھنے کے لئے وہ کچرا اور ویسٹ باہر پھینکنے سے گریز کریں جبکہ ضلعی انتظامیہ انہیں ہر ممکن سروسز فراہم کرنے کے لئے پرعزم اورمتعلقہ محکموں کو متحرک کردیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ فش مارکیٹ میں آنے والے خریداروں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ سائٹ کا مسلسل دورہ کریں اور محکموں کی کارکردگی رپورٹ کو مانیٹر بھی کریں گے۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر فش مارکیٹ کو صاف ستھرا بنانے کے لئے محکمے سرگرم ہوگئے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی وقاص صفدرسکندری اور چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل آبادویسٹ مینجمنٹ کمپنی بلال فیروز جوئیہ نے صفائی اپریشن کی نگرانی کی۔

ایک تبصرہ شائع کریں