ڈی جی ایف ڈی اےکا سکیورٹی سے متعلق شکایت کا سختی سے نوٹس

ایف ڈی اے سٹی کے رہائشیوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے جامع اقدامات کئے جائیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری

فیصل آباد(عدنان جسپال)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ ایف ڈی اے سٹی میں سکیورٹی نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اس ضمن میں سکیورٹی گارڈز کی ڈیوٹیز کی کڑی مانیٹرنگ کے علاوہ حفاظتی انتظامات میں کسی قسم کے رکاوٹ یا خلا کو فوری طور پر دور کیاجائے۔ انہوں نے یہ ہدایت ایف ڈی اے سٹی ریذیڈنٹس ایسویسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کے دو ران جاری کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دلاور خان چدھڑ راجپوت،چیف انجینئر مہرایوب گجر، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈی جی ایف ڈی اے نے سکیورٹی سے متعلق شکایت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی کے رہائشیوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے جامع اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں تمام تنصیبات اور پراپرٹیز کی حفاظت کے ساتھ ساتھ سکیورٹی گارڈز کی پٹرولنگ میں اضافہ کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کوہدایت کی کہ سکیورٹی انتظامات میں اضافے و استحکام کیلئے جامع رپورٹ مرتب کریں تاکہ تحفظ عامہ کیلئے درکار تقاضو ں کو بلاتاخیر پورا کیاجائے۔ انہوں نے ایف ڈ ی اے میں ستھرا پنجاب پروگرام پر پوری ذمہ داری سے عملدرآمد کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ صفائی کے نظام میں تعطل نہیں آنا چاہیے جبکہ گرین بیلٹس و پارکس کی دیکھ بھال اور سرسبز و شادابی کو قائم رکھنے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کریں۔ انہوں نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ون ونڈو کاؤنٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ تیزرفتار سروسز ڈیلیوری کو یقینی بنائیں، اس سلسلے میں محکمانہ کارکردگی پر درخواست گزاروں کے اعتماد کی سطح تسلی بخش ہونی چاہیے۔انہوں نے سٹاف کی کارکردگی پر نظر رکھنے کی ہدایت کی اور کہاکہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کریں اور قصوروار کام چور اہلکار کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔

0/Post a Comment/Comments