فیصل آباد( محمد تبسم )جماعت اسلامی کی طرف سے ڈسٹرکٹ بار کے نومنتخب عہدیداران کے اعزازمیں دیئے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا ہے جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی میں وکلاء برادری کا اہم کردار ہے۔معاشرہ ظلم اور ناانصافی کی آماجگاہ بن چکا ہے، توقع ہے کہ ڈسٹرکٹ بار کے نومنتخب عہدیداران عام آدمی کو انصاف کی فراہمی اور نظام عدل کی اصلاح کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔تقریب سے نومنتخب صدربار میاں انوارلحق ایڈووکیٹ،سیکرٹری رانامرتضیٰ حکیم،میڈم شکیلہ کھرل،صدر اسلامک لائرزاحمدکھارا، سردارظفرحسین،عظیم رندھاوا،شیخ محمد مشتاق و دیگر بھی موجود تھے۔محبوب الزماں بٹ نے کہاکہ وکلاء نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک چلنے والی ہر تحریک کے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ پوراملک کرپٹ اور بددیانت لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے معاشرہ ظلم اور ناانصافی کی آماجگاہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ہائی کورٹ کے بنچ کا قائم نہ ہوناعوامی نمائندوں کی نااہلی اور فیصل آباد کے شہریوں کے مینڈیٹ کی توہین کے مترادف ہے۔ چالیس لاکھ سے زائد شہریوں کے متفقہ مطالبہ کو کوئی اہمیت ہی نہیں دی جارہی ہے۔ روزانہ سینکڑوں شہریوں اور وکلاء کواپنے مقدمات کی پیروی کے لئے لاہور جانا پڑتا ہے جو وقت اور پیسے کا ضیاع ثابت ہو رہا ہے۔ ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی کی راہ میں حکمران ہی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔حکمران اگر مخلص ہوتے تو کب کا فیصل آباد میں ہائی کورٹ کا بنچ قائم ہو چکا ہوتا۔ انہوں نے وکلا کو یقین دھانی کروائی کہ ہائی کورٹ بنچ کے قیام کے لئے جماعت اسلامی کے کارکن وکلاء کے شانہ بشانہ ہر قسم کی جدوجہد کرنے کو تیار ہیں۔صدر بارمیاں انوارلحق نے جماعت اسلامی کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ فیصل آباد میں ہائی کورٹ کے بنچ کا قیام ہماری اولین ترجیح ہو گی۔

ایک تبصرہ شائع کریں