طلباء وطالبات کو 20 ہزار الیکٹرک و پٹرول موٹر بائیکس کی آسان اقساط پر بلاسود فراہمی

فیصل آباد(جواد شاہ)صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے اقبال آڈیٹوریم زرعی یونیورسٹی میں طلباء وطالبات کو 20 ہزار الیکٹرک و پٹرول موٹر بائیکس کی آسان اقساط پر بلاسود فراہمی کے حوالے سے روڈشو میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی ، ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان،وائس چانسلر جی سی وومن یونیورسٹی ڈاکٹر ظل ہما،رکن صوبائی اسمبلی جعفرعلی ہوچہ کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں طالب علم شریک تھے۔سیمینارکے دوران طلباء وطالبات کو موٹر بائیکس کی فراہمی کے حوالے سے رجسٹریشن کے طریقہ کار اور اپلائی کرنے کے حوالے سے ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق چیف منسٹر یوتھ اقدامات کے تحت صوبہ بھر میں 20 ہزار موٹر بائیکس فراہم کی جائیں گی۔اس ضمن میں اپلائی کرنے کی آخری تاریخ 29، اپریل ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی سواری کے خواہشمند ہر سٹوڈنٹ کی اپلائی کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔پنجاب حکومت لیپ ٹاپ سکیم کی طرح بائیک سکیم بھی کامیاب بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ اب تک صوبہ بھر سے ایک لاکھ سے زائد سٹوڈنٹس نے بائیکس پراجیکٹ میں اپنی بھرپور دلچسپی دکھائی ہے۔ بہت سے سٹوڈنٹس اس سلسلے میں رہنمائی چاہتے ہیں جس کیلئے یونیورسٹیز میں ان کے پاس میں خود جارہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ ہمارے سٹوڈنٹس کی سفری پریشانیاں ختم ہوں۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران اپنے اضلاع اور علاقوں میں روڈ شوز اور ایونٹس منعقد کرکے سکیم سے متعلق آگاہی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹس کی دلچسپی کو مدنظر رکھیں تو20 ہزا ر بائیکس بہت کم ہیں انشاء اللہ دوسرا فیز بھی جلد لانچ کریں گے۔اگلے مرحلہ میں الیکٹرک بائیکس کی تعداد بڑھا کر سٹوڈنٹس کی یہ فرمائش بھی پوری کر دیں گے ۔ صوبائی وزیر نے موقع پر طالب علموں کے بعض سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔

قبل ازیں آڈیٹوریم کے باہر مختلف کمپنیز کی الیکٹرک وپٹرول بائیکس کے معیار بارے دریافت کیا۔کالجز اور یونیورسٹیز کے 18 سال سے زائد عمر طالب علموں کو گھروں سے تعلیمی اداروں تک آنے میں اب سہولت ملے گی۔اپنی سواری خودمختاری کے سلوگن پر عمل پیرا ہیں۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے یوتھ پروگرام کے تحت بائیک سکیم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے طلباء و طالبات کے ٹرانسپورٹ کے مسائل حل ہوں گے اور تعلیم کے میدان میں آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے عورت فاؤنڈیشن کی معاونت سے طالبات کے لئے 500 بائیسائیکل کا منصوبہ جاری کیا تھا جس میں خصوصاً ہاسٹل سے تعلق رکھنے والی طالبات اپنے کلاس روم اور فیلڈ ورک کے لئے ان بائیسائیکل سے مستفید ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی مالی معاونت سے 15سو طالبات کا جدید ہاسٹل زیرتعمیر ہے جو کہ جلد ہی پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں طالبات کے لئے بہترین سپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ اور جدید کھیلوں کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈے سکالر طالبات کے لئے پانچ سٹنگ سنٹر بھی جلد مکمل کر لئے جائیں گے۔ روڈ شو سے سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب،ڈپٹی کمشنراور ایم پی اے نے بھی خطاب کیا۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ بلال اکبرخان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالب علموں کو انتشار سے باہر نکالنا چاہتے ہیں،طالب علموں کو تعلیم پر فوکس کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سود سے پاک،آسان اقساط میں بائیکس دے رہے ہیں۔طالبات کیلئے الگ سے کوٹہ رکھا ہے اور فیصل آباد کے طلباء و طالبات کے لئے 50/50 فیصد کوٹہ ہے۔یونیورسٹیز میں ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ڈیسک بھی لگائیں گے،ابھی تک صرف تین ہزار ای بائیک رجسٹر ہیں ، الیکٹرک بائیکس کے چارجنگ سٹیشن نہیں ہیں۔میجوفیکچرز کو کہہ رہے ہیں کہ چارجنگ سٹیشن لگائیں۔اگلے فیز میں ای بائیکس پر فوکس کیا جائے گا۔

0/Post a Comment/Comments