فیصل آباد(ابرار مغل)حکومت عازمین حج کو مناسک حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس میں انتہائی اعلیٰ معیار کی سفری اور قیام و طعام کی سہولیات بہم پہنچانے کا بھرپور عزم رکھتی ہے جس کیلئے تمام وسائل واقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں لہٰذاہر سال کی طرح اس دفعہ بھی حج آپریشن کے تمام تر انتظامات پہلے سے بہت بہتر ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر حج پنجاب محمد رضوان شریف نے ڈی سی آفس فیصل آباد کے کمیٹی روم میں مختلف متعلقہ اداروں کے سربراہان، حکام و نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حج انتظامات میں اس سال پہلے سے ہر ممکن بہتری لانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ہمارے عازمین انتہائی سکون کے ساتھ خوشگوار ماحول میں مقدس فریضہ کی انجام دہی کریں۔انہوں نے کہاکہ حج کیلئے عازم سفر ہونے والے زائرین کو ہر طرح کی سہولیات اور سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں پنجاب کوآپریٹو ٹریننگ کالج سرگودھا روڈ فیصل آباد میں قائم عارضی حاجی کیمپ میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن،محکمہ بلڈنگز،پولیس،واسا،سول ڈیفنس،فیسکو،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ، الائیڈ ہسپتال سمیت متعلقہ محکموں کی خدمات حاصل کر رہے ہیں تاکہ حاجیوں کو کسی بھی وقت کسی قسم کی کوئی مشکل پیش نہ آئے ۔تمام محکموں اور اداروں کے حکام و نمائندگان سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہاکہ سکیورٹی کے پیش نظر محکمہ پولیس تین شفٹوں میں اپنے فرائض سر انجام دے گی جبکہ اس کے علاوہ حاجی کیمپ میں پارکنگ کابھی بہترین انتظام کیا گیا ہے تاکہ مین روڈ پر ٹریفک کی روانی میں کوئی دقت پیش نہ آئے۔ڈائریکٹر حج پنجاب محمد رضوان شریف نے مزید کہاکہ الائیڈ ہسپتال کے ڈاکٹرز سمیت دیگر طبی عملہ ہر وقت حاجی کیمپ میں موجود ہو گاجبکہ اس کے علاوہ صفائی ستھرائی، صاف واش رومز،پینے کے صاف پانی کے وسیع انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔اس موقع پر بینکنگ سٹاف اور ایئر پورٹ کا عملہ بھی موجود تھا۔
ایک تبصرہ شائع کریں