ایف ڈی اے سٹی میں سکیورٹی سسٹم کو مزید جامع اور فول پروف بنایاجائے، دلاور خاں چدھڑ راجپوت

فیصل آباد(عدنان جسپال)  ایف ڈی اے سٹی میں سکیورٹی سسٹم کو مزید جامع اور فول پروف بنایاجائے اس سلسلے میں سکیورٹی گارڈز کی ڈیوٹیز کی مکمل مانیٹرنگ کے علاوہ حساس مقامات پر موثر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ یہ ہدایات ایک اجلاس کے دوران جاری کی گئیں جو ڈائریکٹر جنر ل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے دلاور خاں چدھڑ راجپوت کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں چیف انجینئر مہر ایوب گجر ، ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل مقصود پنوں اور دیگر افسران موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے سکیورٹی سسٹم کے بارے میں ایف ڈی اے سٹی کے رہائشیوں کے خدشات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ حفاظتی انتظامات میں اضافے کے ساتھ ان کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے کارگر حکمت عملی اختیار کریں تاکہ وہاں کے مکینوں میں احساس تحفظ برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ رات کے اوقات میں سکیورٹی گارڈز کی پٹرولنگ میں اضافے کیلئے اقدامات کریں جبکہ مشکوک افراد کی نقل وحرکت پر کڑی نظر رکھنے کیلئے خفیہ نظام ترتیب دیا جائے اس سلسلے میں ایف ڈی اے سٹی ریذیڈنٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے جامع پالیسی وضع کریں۔انہوں نے ایف ڈی اے سٹی میں بجلی کی تنصیبات سمیت دیگر املاک کی مکمل حفاظت کی تاکید کرتے ہوئے کہاکہ سٹریٹ لائٹس کوچالو حالت میں رکھاجائے تاکہ سکیورٹی امور کو کامیاب بنانے میں دقت نہ ہو۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے پراجیکٹ ڈائریکٹر سے کہاکہ سکیورٹی نظام پر موثر ترین عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آنے چاہئیں اس سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ یا شکایات کا فوری نوٹس لیں تاکہ حفاظتی اقدامات میں کسی بھی لمحہ رخنہ اندازی نہ ہو۔

0/Post a Comment/Comments