پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے پانچ ارب ڈالرکی سرمایہ کاری

فیصل  آباد (یوسف بخاری  )چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ( اپپٹما) حافظ شیخ محمد اصغر قادری نے پاکستان  میں سعودی عرب کی جانب سے پانچ ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا  ۔ سرمایہ کاری کے لئے کاوشوں  پر وزیر اعظم شہباز شریف آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اورسابق نگران حکومت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے معاون کردار ادا کیا ہے ۔ پاکستانی اور سعودی تاجروں کے لئے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوںمیں براہ راست تعاون ناگزیر ہے ۔ دونوں ممالک کے کاروباری افراد کو روابط میں بہتری اور قانونی اصلاحات کے لئے  ایک فریم  ورک کی  ضرورت ہے جو سرمایہ کاری کی راہ  ہموارکرے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کو وسیع کرے  ۔ انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ممالک میں مشترکہ تجارتی نمائشوں کے انعقاد اورآزاد تجارتی معاہدہ بھی باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کا سبب بن سکتا  ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں موجودہ  معاشی اور سیاسی ماحول نے سعودی عرب کو معاشی ترقی اور پاکستان کی برآمدات کے لئے منافع بخش مارکیٹ بنا دیا ہے ۔ پاکستان کے پاس سعودی عرب کے ساتھ ٹیکسٹائل ‘ فارما سوٹیکل ‘ چاول ‘ چمڑے ‘ سمندری خوراک ‘ ڈیری  فارمنگ اوردیگر شعبوں میں تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں جنہیں سعودی عرب کو پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوا ہے اور اس بار بھی سعودی سرمایہ کاری پاکستان کو موجودہ  معاشی بحران سے  باہر نکالنے کیلئے مدد گار ثابت ہو گی ۔

0/Post a Comment/Comments