ضمنی الیکشن کی کوریج کے دوران صحافیوں کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کےخلاف احتجاجی ریلی

فیصل آباد(ابرار مغل) فیصل آباد الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام صحافیوں اور میڈیا ورکرز نے گجرات میں ضمنی الیکشن کی کوریج کے دوران  صحافیوں کو غیر قانونی حراست میں  رکھنے اور ناروا سلوک  کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور ضلع کونسل چوک میں مظاہرہ کیا۔ ریلی کا آغاز پریس کلب سے ہوا جو کچہری روڈ سے ہوتی ہوئی ضلع کونسل چوک پہنچی ۔ صحافیوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پر بینرز اٹھا کر  گجرات پولیس کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا فیصل آباد سے گجرات ضمنی الیکشن کی کوریج کیلئے جانے والے 92 نیوز کے رپورٹر بلال سکندر۔ کیمرہ مین مشتاق دانیال  اور جی این این کے کیمرہ مین رئیس کو گجرات پولیس نے غیر قانونی طور پر حراست میں لیا اور اغوا کر کے نا معلوم مقام پر لے جا کر حبس بے جا میں رکھ کر  ناروا سلوک کیا ۔ فیصل آباد  الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے صدر حسام احمد۔ جنرل سیکرٹری شہروز عباد  , نائب صدر خرم شہزاد اور نائب صدر منور اقبال دیگر نے کہا کہ  صحافتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران میڈیا ورکرز  پر تشدد اور غیر قانونی حراست میں رکھنا فسطائیت کا مظاہرہ ہے ۔ حق اور سچ کی آواز بلند کرنے اور  آزادی اظہار رائے پر پابندی کسی طور قبول نہیں کی جائے گی۔  جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالا دستی کیلئے میڈیا کی آزادی انتہائی ضروری ہے۔ حکومت صحافیوں کے تحفظ میں ناکام رہی ہے جس پر صحافی کمیونٹی عدم تحفظ کا شکار ہے اور ان کی آواز کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جا ریے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات جمہوریت اور آزادیِ صحافت کے لیے خطرہ  ہیں اور اس کی کھل کر مذمت کرتے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس طرح کے واقعات کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ صحافیوں کی حفاظت اور آزادیِ صحافت کو یقینی بنانا حکومت   کی  ذمہ داری ہے جس میں وہ ناکام رہی ہے۔

0/Post a Comment/Comments