سرگودھا روڈ اور ستیانہ روڈ پر چار غیرمنظورشدہ ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام

فیصل آباد(یوسف بخاری)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف جاری آپریشن کے سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سرگودھا روڈ اور ستیانہ روڈ پر چار غیرمنظورشدہ ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنادی جن کے غیرقانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو فوری طور پرمسمار کردیاگیا اور دفاتر کو سیل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے فیلڈ انسپکشن کے دوران چھان بین کی تو سرگودھاروڈ پر چک نمبر117 ج ب کی اراضی پر علی گارڈن، چک نمبر122 ج ب میں گرینڈ ویو سٹی اور چک نمبر120 ج ب کی اراضی پر عائشہ بلاک کے نام سے غیر قانونی ہائوسنگ سکیمیں قائم کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جن کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے موقع پر غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کردیا گیا جبکہ ستیانہ روڈ پر قانون شکنی کی پاداش میں ٹیک ٹاؤن کا دفتر سر بمہر کر کے ڈویلپرز کو لینڈ سب ڈویژن رولز کی خلاف ورزی سے باز رہنے کی تلقین کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ قانونی ومحکمانہ تقاضوں کو پورا کرکے ہائوسنگ سکیموں کے قیام کیلئے ایف ڈی اے سے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید قانون شکنی کی صورت میں قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جا سکتے ہیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیاگیا ہے کہ وہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور پلاٹ خریدنے یا سرمایہ کاری کرنے سے قبل ہائوسنگ سکیم کی قانونی حیثیت اور متعلقہ ریکارڈ ضرور چیک کر لیں اس سلسلے میں ایف ڈی اے کے متعلقہ شعبے سے رابطہ کیاجاسکتاہے۔

0/Post a Comment/Comments