ایف ڈی اے کی زیر نگرانی سکیورٹی سسٹم جامع حکمت عملی کے تحت پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جائے ، دلاور خاں چدھڑ

فیصل آباد(یوسف بخاری)ایف ڈی اے کی زیر نگرانی سکیورٹی سسٹم جامع حکمت عملی کے تحت پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جائے اس سلسلے میں موجودہ حالات اور سکیورٹی کے تقاضوں کا جائزہ لیکر درکار مزید وسائل کی نشاندہی کریں۔ یہ حکم ایک اجلاس کے دوران جاری کیا گیا جو ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے دلاور خاں چدھڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف انجینئر مہر ایوب گجر، پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم ودیگر افسران موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے سکیورٹی سسٹم کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی طور پر ایف ڈی اے سٹی میں بجلی کی تنصیبات سمیت دیگر قیمتی املاک کی مکمل حفاظت اور وہاں کے رہائشیوں کے احساس تحفظ کے لئے سکیورٹی سسٹم فول پروف ہونا چاہیے جس کے لئے سکیورٹی گارڈز میں اضافہ کرنے کے علاوہ حفاظتی انتظامات کی کماحقہ کامیابی کے لئے موثر لائحہ عمل اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی املاک اور رہائش گاہوں کے مختلف بلاکس میں باقاعدہ سکیورٹی گارڈز متعین ہونے چاہیں اور خصوصاً رات کے اوقات میں سکیورٹی گارڈز کے گشت کو بڑھایا جائے۔ اس سلسلے میں ایف ڈی اے سٹی ریذیڈنٹس ایسوسی ایشن سے قریبی روابط اور مشاورت سے کارگر پالیسی مرتب کریں تاکہ مشترکہ وسائل سے سکیورٹی امور کے کامیاب نتائج حاصل کر سکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو حفاظتی نظام کی مسلسل مانیٹرنگ کی تاکید کی اور کہا کہ سکیورٹی سٹاف کی ڈیوٹیز اچانک چیک کریں تاکہ سکیورٹی الرٹ رہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے ایف ڈی اے نے کہا کہ کمپلیکس سمیت تمام ذیلی دفاتر میں ہر زاویے سے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں اور حفاظتی امور برقرار رکھنے کے لئے باقاعدگی سے ضروری ہدایات اور بریفنگ کے ذریعے سکیورٹی سٹاف میں حفاظتی مقاصد کا ادراک تازہ رکھیں۔ انہوں نے سکیورٹی گارڈز کی تعداد میں اضافہ کے لئے جائزہ رپورٹ جلد پیش کرنے کے ہدایت کی۔

0/Post a Comment/Comments