فیصل آباد(جاوید شاہ)مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے صارفین کی جیوٹیگنگ کے لئے سروے کا کام مزید تیز کرنے کا حکم جاری جبکہ تمام صارفین کی جیوٹیگنگ مکمل کرنے کے لئے نیا ہدف دے دیا۔ریونیوڈیپارٹمنٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی و دیگر افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واسا فیصل آباد کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے صارفین کی جیو ٹیگنگ ایک انقلابی پروگرام ہے جس سے واسا کے ریونیو میں اضافہ جبکہ صارفین کا تمام ریکارڈ آن لائن ہو جائے گا جس سے ان کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل ہو سکیں گے۔ایم ڈی واسانے عبدالرحیم اینڈ کمپنی کے افسران زونل ہیڈ غلام رسول اورآپریشنل مینجر مقبول احمد کو صارفین کی جیو ٹیگنگ کے لئے سروے کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ واسا کے تمام صارفین کا جیوٹیگنگ کے لئے سروے 8 مہینے میں ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ نئے سال کے آغاز سے واسا فیصل آبادجیو ٹیگنگ کے ذریعے صارفین کی نشاندہی کا سلسلہ مکمل کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیو ٹیگنگ کے ذریعے واسا کے تمام صارفین کے سروے کی تکمیل کے بعد تمام تر ریکارڈ متعلقہ فیلڈ ریونیو سٹاف کے موبائل فون میں درج ہو گا اور ریونیو سٹاف اپنے موبائل پر کسی بھی صارف کے اکاؤنٹ نمبر پر کلک کرے گا اور اس کی تمام تر معلومات جن میں اس کا کرنٹ بل، واجبات، لائیو لوکیشن و دیگرمعلومات اس کے سامنے ہونگی اسی طرح جیوٹیگنگ کے ذریعے کسی بھی صارف کی لائیو لوکیشن بھی موبائل ایپلی کیشن دکھائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ جیو ٹیگنگ ایک جامع پیپر لیس پلان ہے جس سے واسا کے ریونیو ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی میں مزید بہتری کے ساتھ ساتھ صارفین کے مسائل بھی موقع پر ہی حل ہو سکیں گے۔
ایک تبصرہ شائع کریں