عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کا میگا پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن

فیصل آباد(ابرار مغل)حکومت پنجاب کی خصوصی منظوری سے ایف ڈی اے کی نگرانی میں زیر تعمیرعبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کا میگا پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے جسکا ریلوے ٹریک کے اوپر تعمیراتی حصہ آئندہ دو روز میں مکمل کرلیاجائیگا جس کے بعد منصوبے کے تکمیلی مرحلے کو حتمی شکل دی جائیگی۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے تعمیراتی پیش رفت کاجائزہ لینے کیلئے عبداللہ پور جھمرہ روڈ کا دورہ کیا اور منصوبے کے بقایا کام کی صورت حال کا معائنہ کرتے ہوئے جلد تکمیل کیلئے ضروری ہدایات جار ی کیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نوید شاہ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ ایف ڈی اے عمر اقبال نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ریلوے ٹریک کے اوپر منصوبے کا مشکل ترین تعمیراتی کام تکینکی وفنی لحاظ سے کامیابی کے ساتھ مکمل کیاجارہاہے جبکہ فلائی اوور سے ملحقہ جھمرہ روڈ کی دوبارہ کارپٹنگ کرنے کے علاوہ سروس روڈ بھی تعمیرکردی گئی جبکہ ایک سائیڈ کا ر یمپ بھی مکمل کرلیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مجموعی طور پر تعمیراتی کام کو سمیٹا جارہا ہے اور ماہ جون کے وسط میں یہ منصوبہ عوامی استفادے کے لئے تیار ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی معیار اور رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کے جمالیاتی حسن کو اجاگر کرنے کیلئے مکمل صفائی ستھرائی،لینڈ سکیپنگ اور دیگر تزئین و آرائش کی منصوبہ سازی کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے جھمرہ روڈ کی کارپٹنگ اورسروس روڈ کی تعمیر کے کام کا بھی معائنہ کیا اور انجینئرز کوہدایت کی کہ وہ تعمیراتی پہلوئوں اور ڈیلی پراگریس پر کڑی نظر رکھیں اس سلسلے میں مانیٹرنگ کا عمل تسلسل سے جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے تاکید کی کہ وہ منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کیلئے تمام تر وسائل اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کارلائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں سے کسی لمحہ شہری حقوق متاثر نہیں ہونے چاہئیں اس سلسلے میں لوگوں کو آمدورفت کے حوالے سے کوئی رکاوٹ، دقت یا ماحولیاتی آلودگی کے مسائل درپیش نہیں ہونے چاہئیں۔

0/Post a Comment/Comments