فیصل آباد(یوسف بخاری)ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کی چیکنگ کے لئے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ خود میدان میں آگئے اوربغیر اطلاع کوہ نور سمیت دیگر علاقوں کی گلی محلوں میں جاکر انسداد ڈینگی سٹاف کی موجودگی اور سرویلنس کے طریقہ کار کو چیک کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے بھر پور انتظامی و انسدادی اقدامات کر رہی ہے تاہم عوامی تعاون کے بغیر انسداد ڈینگی میں کامیابی ممکن نہیں لہذا شہری ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے گھروں کے مکینوں سے محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی ٹیموں اور انکی طرف سے سرویلنس کے طریقہ کارکے بارے میں دریافت کیا۔شہریوں نے بتایا کہ میل اور فی میل سٹاف پر مشتمل انسداد ڈینگی ٹیموں کی طرف سے گھروں میں ایئرکولرز، فریج کی ٹرے،پانی کی ٹینکیوں، گملوں،پانی جمع کرنے کے برتنوں اور چھتوں پر کاٹھ کباڑ وغیرہ کو مسلسل چیک کیا جارہا ہے۔جس پرڈپٹی کمشنر نے اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گھروں کے مکینوں سے کہا کہ وہ شعوری انداز میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،کسی جگہ پانی کھڑا نہ رہے کیونکہ موجودہ موسم ڈینگی لاروا کی افرائش کے لئے موافق ہے لہذا بھرپور احتیاط اور توجہ سے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی تلفی کے لئے ہر فرد کا کردار اہم ہے لہذا ڈینگی کی آماجگاہوں کے خاتمے کے لئے شہری اپنے گھروں کے اندر صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی ٹیموں سے تعاون کیا جائے جو آؤٹ ڈور اوران ڈور سرویلنس کے لئے سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران اور انسداد ڈینگی سٹاف کو خبردار کیا کہ وہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لئے تمام تر وسائل کے ساتھ غیر معمولی کوششیں کریں اس ضمن میں معمولی سی بھی غفلت کی گنجائش نہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت عباس نے بتایا کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کا عمل بلا تعطل جاری ہے اور ٹیموں کی کارکردگی کی بھی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں