ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں ان ڈور گیمز کی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری

فیصل آباد(اختر رشید)مینجمنٹ کمیٹی کی زیر نگرانی ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں ان ڈور گیمز کی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں جن میں ممبرز کے لئے کھیلوں کے ساتھ دیگر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے شاندار کیفے ٹیریا کے قیام کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کیلئے اچھی شہرت کی حامل فوڈ چینز اور برانڈز کی فرمز و کمپنیز سے گیارہ جون 2024 ء تک فنانشیل اور ٹیکنیکل کوٹیشز طلب کرلی گئی ہیں۔ سپورٹس کمپلیکس میں کیفے ٹیریا کے قیام کیلئے آرائش شدہ جگہ مختص ہے جسے کامیاب بولی دھندہ کوکرایہ پر دیکر فنکشنل بنایاجائیگا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اسسٹنٹ مینجر سپورٹس کمپلیکس محمد بہرام اور کیئرٹیکر احسن محبوب سمیت دیگر افسران کوہدایت کی ہے کہ انتظامی امور کو ہمہ وقت فعال رکھیں اورممبرز کیلئے تمام تر سہولیات کا خصوصی خیال رکھاجائے اس سلسلے میں تمام گیمز کے کوچز کی حاضری اور کھیلوں کی تیاریوں میں کوئی خلل نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے سپورٹس کمپلیکس کی تمام املاک،کورٹس اور سازوسامان کی مکمل حفاظت ودیکھ بھال کی ہدایت کی اور کہا کہ باقاعدہ معیاری صفائی کو ہرصورت یقینی بنائیں۔یاد رہے کہ سپورٹس کمپلیکس میں ان ڈور کھیلوں کی فراہم کی جانے والی سہولیات میں مرد و خواتین کیلئے بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس، لان ٹینس، باسکٹ بال، جمینزیم، سوئمنگ پولز ،سنوکر و دیگر کھیلیں شامل ہیں جبکہ 1450میٹر طویل جوکنگ ٹریک بھی اس سپورٹس کمپلیکس کا حصہ ہے۔

0/Post a Comment/Comments