فیصل آباد(یوسف بخاری)سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے پنجاب بھر کی جیلوں میں بھکاریوں کیلئے بیرک مختص کرنے کی ہدایت کر دی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ بھکاری مافیا کو جیل کی ہوا دکھائی جائے گی اور قانون اپنا راستہ لے گا۔ نور الامین مینگل نے پنجاب کی جیلوں میں ملاقاتیوں کے کمروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت بھی کی۔ گرمی کے موسم میں ملاقاتی کمرے میں ائیر کنڈیشنڈ کا استعمال کیا جائے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ہدایت کی کہ جیلوں میں ملاقاتی کمرے کو IDAP ڈیزائن کرے اور تمام سہولتیں دی جائیں۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد کا دورہ کیا اور صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی ہیلتھ سکریننگ کی ہدایت کی۔ سیکرٹری داخلہ نے جیل میں ملاقاتیوں کے کمرے، کچن، جیل ہسپتال، مرد اور خواتین کے بیرکس کا معائنہ کیا۔
نور الامین مینگل نے جیل میں کھانے کا معیار دیکھا اور فوڈ اتھارٹی کو ماہانہ سرپرائز وزٹ کی ہدایت کی۔ سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ جیلوں کے کچن میں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق فوڈ گریڈ برتن استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ کنسلٹنٹ سے جیل عملے کو کھانے کی تیاری اور صحت بخش پریکٹس بارے تربیت دلوائی جائے۔ ڈی آئی جی کامران اور سپرنٹنڈنٹ جیل علی اکبر نے سیکرٹری داخلہ کو بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نیئر شیخ بھی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ تھے۔ اس سے قبل سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کمشنر آفس فیصل آباد میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ کمشنر فیصل آبادسلوت سعید، آر پی اوڈاکٹر محمد عابد خان،ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ،سی پی او کامران عادل کے علاوہ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ریجن میں کریمنل گینگز، ڈرگ مافیا اور بجلی چوروںکے خلاف ایکشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ پنجاب فورینزک سائنس ایجنسی کو ریجنل سطح پر اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ اپ گریڈیشن سے فورینزک سائنس ایجنسی کے تمام بڑے ٹیسٹس کی سہولت ریجنل سطح پر دستیاب ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ سنگین جرائم کے واقعات میں فورینزک سائنس ایجنسی کے نتائج فوری حاصل ہوں گے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے چائینیز سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ نور الامین مینگل نے کہا کہ چائنیز سکیورٹی پر مامور سرکاری و پرائیویٹ عملہ بہترین پروفیشنل ریسورس ہونا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چائینیز کی موومنٹ کے دوران تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے۔
نور الامین مینگل نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عید الاضحی سے قبل مویشی منڈیوں اور مساجد میں سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔کمشنر فیصل آباد نے ڈویژن میں امن وامان کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژن میں قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کے لئے 20 عارضی سیل پوائنٹس لگائے جارہے ہیں۔چائینز سکیورٹی پر گہری توجہ مرکوز اور ایس او پیز کو مکمل کرانا ترجیح ہے ۔
ایک تبصرہ شائع کریں