فیصل آباد میں پہلی وومن جرنلسٹ ایسوسی ایشن کا قیام

 فیصل آباد(ارم نواز)کمشنر سلوت سعید نے کہا ہے کہ شعبہ صحافت میں خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ خدمات انجام دے رہی ہیں۔فیصل آباد میں پہلی وومن جرنلسٹ ایسوسی ایشن کا قیام احسن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن سے وابستہ خواتین صحافی حکومتی اقدامات اجاگر کرنے کے ساتھ عوامی مسائل کی بہتر انداز میں نشاندہی کررہی ہیں۔انہوں نے یہ بات میونسپل کارپوریشن ہال میں وومن جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔کمشنر نے خواتین صحافیوں سے حلف لیا اور کہا کہ دیگر خواتین جرنلسٹ کی فلاح وبہبود کے لئے ایسوسی ایشن کی جاری کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔ ڈویژنل انتظامیہ خواتین صحافیوں کی حوصلہ افزائی کے اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے حلف برداری کی شاندار تقریب کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔صدر وومن جرنلسٹ ایسوسی ایشن مروا عنتر اور سیکرٹری جویریہ نذیر نے حلف برداری تقریب میں خصوصی شرکت پر کمشنرفیصل آباد کا شکریہ اداکیااور کہا کہ ایسوسی ایشن کے قیام سے حلف برداری تک کمشنر فیصل آباد کے گرانقدر تعاون پر مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ مثبت اور بامقصد صحافت کا فروغ ایسوسی ایشن کی ترجیح ہے۔سی پی او کامران عادل،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد زبیر وٹو،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر حبیب الرحمن سمیت دیگر افسران اور میڈیا نمائندگان نے حلف برداری تقریب میں شرکت کی۔تقریب کے دوران شرکاء میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

0/Post a Comment/Comments