فیصل آباد(عاصم پرویز)ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی زیر صدارت چیف منسٹر گورننس اقدامات اور انسداد ڈینگی پرعملدرآمد بارے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں روٹی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمت پر عملدرآمد،میرج ایکٹ،ستھراپنجاب مینجمنٹ،یونین کونسلز کی سطح پر صفائی اپریشن کی ریکوری مہم ، سپیشل برانچ کمپلینٹس سمیت دیگر اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو گھروں کی نمبرنگ لگوانے کا ٹاسک تفویض کیا اور کہا کہ دیہی علاقوں میں صفائی مہم کی ریکوری تیز کریں۔انہوں نے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے کہا کہ یونین کونسلز کے دفاتر کے باہر یا مین روڈز پر نمایاں طور پر یونین کونسل آفس کی لوکیشن کا بورڈ آویزاں کرائیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول میکنزم پر حکومتی ویژن کے مطابق عملدرآمد کرائیں،کم وزن روٹی بیچنے والوں کو بھاری جرمانے کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ میرج ایکٹ پر عملدرآمد کو جاری رکھا جائے جبکہ سپیشل برانچ کمپلینٹس کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی اقدامات میں نرمی نہیں ہونی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے اینڈرائڈ یوزرز کی تعداد نہ بڑھانے پر برہمی کا اظہارکیااورکہا کہ فرضی اور غیر ضروری کارروائیاں کرنیوالوں کا قبلہ درست کریں۔انہوں نے کہا کہ ہاٹ سپاٹس اور ہائوس کیپنگ پر توجہ دیں۔عوامی آگاہی کے لئے سیمینارز منعقد کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ لاروا کی افزائش کا موجب بننے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کرایا جائے۔
ایک تبصرہ شائع کریں