فیصل آباد(عثمان انور)حکومت پنجاب کی ہدایات پر انسداد ڈینگی اقدامات پر کماحقہ عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے اس سلسلے میں تمام ایس او پیز کی پابندی کرتے ہوئے اینٹی ڈینگی سرگرمیاں باقاعدہ جاری رکھی جائیں۔ یہ ہدایات ایک اجلاس کے دوران جاری کی گئیں جو ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے دلاور خاں چدھڑ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف انجینئر مہرایوب گجر، ڈائریکٹر آئی ٹی /فنانس یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسماء محسن، سہیل مقصودپنوں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی /فوکل پرسن عثمان رامے اور دیگر افسران موجود تھے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کی صورت حال کاجائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ایف ڈی اے کمپلیکس سمیت تمام ذیلی دفاتر اور ایف ڈی اے سٹی میں ڈینگی لاورا کی افزائش کی روک تھام کیلئے مسلسل سرویلنس کو یقینی بنائیں اس ضمن میں ڈینگی مچھر کی پناہ گاہوں اور افزائش کے ممکنہ ذرائع کا فوری صفایا ہوناچاہیے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ شعبے اور مقامی محکمہ صحت سے باقاعدہ رابطہ رکھتے ہوئے انہیں ایف ڈی اے کی انسداد ڈینگی سرگرمیوں سے آگاہ رکھیں اور اس ضمن میں ڈینگی کی روک تھام کے نئے اقدامات سمیت عوامی آگاہی کے پروگرام کے بارے میں راہنمائی حاصل کریں ۔ انہوں نے انسداد ڈینگی اقدامات کی کامیابی کیلئے عوامی تعاون حاصل کرنے کیلئے ایف ڈی اے کی طرف سے موثر آگاہی مہم جاری رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ نمایاں مقامات پر ڈینگی مچھر سے بچائو اور لاورا کی افزائش کو روکنے کے طریقوں پر مبنی پوسٹرز آویزاں رکھے جائیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے تمام شعبوں میں باقاعدگی سے معیاری صفائی کو یقینی بنانے اور دفاتر کی چھتوں کو صاف رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے افسران سے کہا کہ وہ انسداد ڈینگی سٹاف کو ہمہ وقت چوکس رکھاجائے۔
ایک تبصرہ شائع کریں