فیصل آباد(محمد عثمان)گرمی کی شدت بھی لائل پور میوزیم کی رونقیں ماند نہ کر سکی۔ڈی پی ایس تاندلیانوالہ کے اساتذہ و طلباء بڑی تعدار میں عجائب گھر کا دورہ کرنے پہنچ گئے ۔ سکول ہیڈ ماسٹر نے کہا کہ مرحلہ وار کلاسسز اور ڈی پی ایس کی دیگر برانچز کے طلباء بھی میوزیم کا رخ کریں گے۔لائل پور میوزیم اپنی خوبصورتی اور انفرادیت کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں بے پناہ مقبولیت حاصل کر رہا ہے یہی وجہ ہے کہ تعلیمی اداروں کی پہلی ترجیح طلباء کا ٹوور لائل پور میوزیم لانا بن چکی ہے۔ڈی پی ایس تاندلیانوالہ کے طلباء و اساتذہ نے44 ڈگری پارہ کی پرواہ کئے بغیر ثقافتی ورثہ سے روشنائی کے لئے لائل پور میوزیم کا رخ کیاجس میں پنجم جماعت سے میٹرک تک کے طلباء بڑی تعداد میں شریک تھے۔میوزیم آفیسرز اور گیلری اٹنڈنٹس نے طلباء کو عجائب گھر کی دس گیلیریوں کا تفصیلی دورہ کرایا۔ میوزیم میڈیا مینیجر مس شہناز محمود کو انٹرویو دیتے ہوئے طلباء کا کہنا تھا کہ یہاں آکر ہم نے نہ صرف لائل پور کے جنگلوں سے ملک کے تیسرے بڑے اور صنعتی شہر کا درجہ حاصل کرنے والے فیصل آباد کی تاریخ کا جائزہ لیابلکہ پتھر کے زمانے سے ہندو،مسلم،سکھ اور برطانوی ادوار کی سیر کا موقع بھی ملا۔طلباء نے گندھارا سمیت مختلف تہذیبوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ڈی پی ایس بوائز سیکشن تاندلیانوالہ کے ہیڈ ماسٹرنیاز حسین کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد یہ تھا کہ جتنے بھی فیصل آباد شہر سے باہر رہنے والے طلباء ہیں ان کو فیصل آباد کا تاریخی پس منظر دکھایا جائے کہ پہلے اس کا کیا نام تھا اور اب اس کی پہچان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پلان کیا ہے کہ جونئیرز سیکشن کے طلباء کے ساتھ ساتھ گرلز سیکشن کی طالبات اور نواحی علاقوں میں موجود برانچز کے طلباء کو بھی میوزیم کا دورہ کرایا جائے تاکہ ان کے علم میں عملی طور پر اضافہ ہو سکے۔
ایک تبصرہ شائع کریں