ڈیفالٹرز صارفین کے خلاف کارروائیاں مزید تیز

فیصل آباد(یوسف بخاری)مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر ڈس کنکشن ٹیموں نے ڈیفالٹرز صارفین کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں جس کے تحت مئی کے پہلے پندرہ روزکے دوران ریونیو ڈائریکٹوریٹس کی جانب سے 188 نادہندگان کے کنکشن منقطع جبکہ 44 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی اسی طرح متعدد صارفین کے چالان کر کے مجسٹریٹ کو بھجوائے گئے ہیں۔ ایم ڈی واسا کی ہدایت پر ریونیو ڈائریکٹوریٹس کے افسران و سٹاف کی جانب سے نادہندگان بالخصوص ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف موثر مہم جاری رکھی گئی جس کے نتیجے میں یکم سے پندرہ مئی تک ڈس کنکشن ٹیموں کی جانب سے شہر کے دونوں زونز میں مجموعی طور پر188 نادہندگان کے کنکشن منقطع کرتے ہوئے 44 لاکھ 42 ہزار 965 روپے کی ریکوری کی گئی جس میں ایسٹ زون میں ڈائریکٹر ریونیو محمد سلیم رانا کی نگرانی میں ڈس کنکشن ٹیم کے انچارج و ڈپٹی ڈائریکٹر ظفر اقبال قادری نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر تنصر عباس اور محسن مسیح و دیگر سٹاف کے اشتراک سے 121 ڈیفالٹرز صارفین کے کنکشن کاٹ دئیے جبکہ 20 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی۔ اسی طرح ویسٹ زون کے ڈائریکٹر محمد اقبال ملک کی نگرانی میں ڈس کنکشن ٹیم کے انچارج و ڈپٹی ڈائریکٹرعبدالرئوف بٹ و دیگر ٹیموں کی جانب سے نادہندہ صارفین کے 67 کنکشن منقطع کئے گئے جبکہ 24 لاکھ  42 ہزار 965 روپے کی ریکوری کی گئی۔ اس حوالے سے ایم ڈی واسا عامر عزیز نے واضح کیا کہ نادہندگان صارفین بالخصوص ڈیڈ ڈیفالٹرز  کے خلاف خصوصی مہم کا تسلسل جاری ہے اورمئی کے پہلے پندرہ روز میں نادہندہ صارفین کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ واسا صارفین اپنے ماہانہ بلز اور واجبات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں کیونکہ بلز کی ادائیگی سے ہی واسا کی جانب سے فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سروسز کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ایم ڈی واسانے واسا بلز کی ادائیگی نہ کرنے والے صارفین کی شکایات کا اندراج نہ کرنے کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ماہانہ بلز کے حوالے سے کسی بھی مسئلے کے لئے صارفین اپنے متعلقہ سب ڈویژن آفس سے رجوع کر سکتے ہیں۔

0/Post a Comment/Comments