جھمرہ روڈ فلائی اوور کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کیلئے حتی المقدور کوششیں جاری


فیصل آباد(یوسف بخاری) حکومت پنجاب کی خصوصی منظوری سے ایف ڈی ا ے کی زیر نگرانی زیر تعمیر عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے منصوبے کے بقایا کام کی تکمیل کیلئے محکمہ پاکستان ریلویز سے اجازت نامہ حاصل ہوگیاہے جس کے بعد اس میگا پراجیکٹ کو بلاتاخیر مکمل کرنے کیلئے تعمیراتی کام زور شور سے جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب گجر نے تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے سائٹ کادورہ کیااور تعمیرشدہ حصوں کے مختلف پہلوئوں کا معائنہ کرتے ہوئے سائٹ انجینئرز کو بقایا کام کو جلد مکمل کرنے کی حکمت عملی کے بارے آگاہ کیا۔ چیف انجینئر نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی طرف سے فلائی اوور کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کیلئے حتی المقدور کوششیں جاری ہیں تاہم ریلوے حکام کی جانب سے ٹرینوں کی آمدورفت کے شیڈول میں ردوبدل کے پروگرام کی ترتیب اور اس سلسلے میں اجازت نامہ کے انتظار میں عارضی طور پر تاخیر واقع ہوئی تاہم اب تبدیل شدہ شیڈول کی منظوری کے بعد بقایا کام مکمل کرنے کے لئے تعمیراتی سرگرمیاں قلعی طور پر بحال کردی گئیں ہیں اس سلسلے میں آئندہ جمعہ کی رات کو ریلوے ٹریک کے اوپر فلائی اوور کے گرڈرز کی تنصیب کا کام شروع کیا جائیگا اور آئندہ ایک ہفتہ تک یہ کام مکمل کرلیاجائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس جگہ ریلوے ٹریک سے ٹرینوں کی آمد روفت کی آسانی کیلئے تمام تر حفاظتی انتظامات بھی مکمل کرنے گئے ہیں۔چیف انجینئر نے سٹاف کو ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں کو شہریوں کیلئے ہرصورت محفوظ رکھاجائے اس سلسلے میں حفاظتی انتظامات میں کوئی رخنہ نہیں رہنا چاہئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پراجیکٹ کی سائٹ کے قریب ٹریفک کے بہائو میں کوئی رکاوٹ درپیش نہیں ہونی چاہئے اور گردوغبار کے تدارک کیلئے خصوصی اقدامات جاری رکھے جائیں۔چیف انجینئر نے اس عزم کا اظہار کیاکہ شہری ترقی کے شعبہ میں فلائی اوور کا یہ میگا پراجیکٹ جلد تکمیل کیلئے افتتاح کیلئے تیار ہوگا اور شہری اس کے ثمرات سے عنقریب کماحقہ مستفید ہوسکیں گے۔

0/Post a Comment/Comments