واسا فیصل آباد اور لاہور کیلئے کیپسٹی بلڈنگ پراجیکٹ برائے پرفارمنس امپروومنٹ پراجیکٹ کی منظوری


فیصل آباد(جواد شاہ)سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (CDWP) نے واسا فیصل آباد اور لاہور کیلئے کیپسٹی بلڈنگ پراجیکٹ برائے پرفارمنس امپروومنٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت 12 ملین یورو گرانٹ ان ایڈ جبکہ345 ملین روپے پنجاب حکومت فراہم کریگی۔ اس حوالے سے یورپی یونین نے اے ایف ڈی کو پراجیکٹ پر عمل درآمد کے لئے فنڈز جاری کردئیے ہیں۔ اس ضمن میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت واسا فیصل آباد اور لاہور کے محکموں کے سٹرکچر کے ڈیزائن اور عمل درآمد میں بہتری،گورننس اصلاحات،سروسز کی فراہمی میں مزید بہتری،ریگولیشن اور فنانشل امور کو بہتر بنانا مقصود ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پراجیکٹ کو پیش کرنے اور اس پر تبادلہ خیال کے دوران ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان نے واسا فیصل آباد کی کارکردگی کو خوب سراہا اور اسے پاکستان کا سب سے بہترین واسا قرار دیا۔ انہوں نے اجلاس کے تمام شرکا کو 10 ملین گیلن ڈیلی کے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی مثال بھی دی کہ واسا فیصل آباد نے اس میگا پراجیکٹ کے تحت واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو زبردست طریقے سے تعمیر کرایا اور اب اسے بہترین طریقہ کار کے مطابق آپریشنل رکھے ہوئے ہیں۔مینجنگ ڈائریکٹرنے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ثاقب رضا، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی حافظ حسان ناصر سمیت دیگر واسا ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی جانب سے واسا فیصل آباد کے لئے یہ ریمارکس واسا قیادت اور تمام افسران و سٹاف کے لئے باعث اعزاز ہیں اور وہ مستقبل میں بھی اسی عزم کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

0/Post a Comment/Comments