غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں و تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن

فیصل آباد(ابرار مغل)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں و تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں دوغیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور دفاتر کو سربمہر کردیا جبکہ ڈجکوٹ روڈ پر تجاوزات کے صفایا کے علاوہ کچی آبادی مانانوالہ میں غیر قانونی کمرشلائزیشن پر دو پلاٹس کو بھی سیل کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو سرگودھا روڈ پر چک نمبر3 ج ب کی اراضی پر گرینڈ سٹی کے نام پر غیرقانونی ہاؤسنگ سکیم کا دفتر بنا کر لینڈ سب ڈویژن قوانین کی خلاف ورزی کی جاری تھی جبکہ ڈجکوٹ میں ماڈل سٹی کے نام پر غیرقانونی ہاؤسنگ سکیم قائم کرنے کی کوشش کی جاری تھی جن کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے غیرقانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور دفاتر کو سیل کردیا گیا اور ڈویلپرز کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ قانون شکنی سے اجتناب کریں اور ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کے لئے تمام تر قانونی و محکمانہ تقاضے پورے کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں کی صورت میں قصور واروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔علاوہ ازیں ایف ڈی اے کی انکروچمنٹ ٹیم نے ڈجکوٹ میں دکانداروں کی طرف سے سڑکوں پر کاروباری سامان رکھ کر کی گئی تجاوزات کا خاتمہ کردیا اور تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔ ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کچی آباد مانانوالہ میں سروے نمبر214 اور 211 کے تحت رہائشی پلاٹس پر بلااجازت دکانیں تعمیر کرنے پر پلاٹس کو سیل کردیا اور مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا کر ہدایت کی گئی ہے کہ جائیدادوں کی کمرشلائزیشن کے واجبات فوری جمع کرائے جائیں۔

0/Post a Comment/Comments