فیصل آباد(ارم نواز)ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں ڈویژنل پبلک سکول کی برانچ قائم کی جارہی ہے اس ضمن میں مختص اراضی پر بلڈنگ کی تعمیر کے لئے محکمانہ اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں اور کمشنر سلوت سعید کی طرف سے تعمیراتی کام کی ذمہ داری ایف ڈی اے کو سونپی گئی ہے۔ان امور کاجائزہ لینے کے لئے کمشنر سلوت سعید کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہواجس میں ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مصوراحمد خاں نیازی،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عمران عصمت،چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔کمشنر نے کہا کہ معیاری تعلیم کا فروغ اہم ترین مشن ہے اس سلسلے میں ڈویژن بھر میں پبلک سکولوں کا جال بچھایا جارہا ہے ان مقاصد کے حصول کے لئے ایف ڈی اے سٹی میں ڈویژنل پبلک سکول کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ اس ایریا کے شہریوں کے بچوں کو معقول اخراجات میں جدید معیاری تعلیم کی سہولیات ان کے گھروں کے قریب میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی میں سپورٹس کمپلیکس کے مثالی منصوبہ کی تیز رفتار اور شاندار تکمیل قابل تعریف ہے جس کو مدنظر رکھ کر ڈی پی ایس کی بلڈنگ کی تعمیر کا ٹاسک بھی ایف ڈی اے کو تفویض کیا گیا ہے جس کی مجموعی نگرانی ڈی جی ایف ڈی اے کریں گے۔انہوں نے ڈی جی ایف ڈی اے سے کہا کہ وہ تعمیراتی پراگریس کا باقاعدگی سے خود معائنہ کریں اور تعمیراتی پراگریس کے بارے میں انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے جبکہ وہ خود بھی سائٹ وزٹ اورباقاعدگی سے اجلاسز منعقد کرکے پیشرفت کا جائزہ لیں گی۔ڈی جی نے ایف ڈی اے سٹی میں ڈی پی ایس کی برانچ کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کمشنر کی طرف سے تعمیراتی اور مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں ملنے پر منصوبے کو شاندار انداز میں تیزی سے مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اور ان کی پوری ٹیم تفویض کردہ ہدف کی تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔
ایک تبصرہ شائع کریں