فیصل آباد (محمد عثمان) اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹیکس فورس ریجن فیصل آباد محمد سلیمان گوندل نے مرکزی جامع مسجد گول میں جمعہ کے اجتماع میں عوام الناس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم برگیڈئیرر سکندر حیات چوہدری کی قیادت میں پنجاب بھر میں عزم رکھتے ہیں کہ پاکستان سے منشیات کا خاتمہ کیا جائے اس سلسلہ میں سکول کالجز یونیورسٹیز میں ایویئرنس سیمینار ز کررہے ہیں اور اسی طرح علماء کے تعاون سے منبر و محراب سے بھی عوام الناس میں شعور بیدار کیا جارہا ہے کہ اپنی نوجوان نسل کو محفوظ بنائیں منشیات سے پاک پاکستان بنانے کیلئے اینٹی نارکوٹیکس فورس پنجاب کا ساتھ دیجئے اینٹی نارکوٹیکس فیصل آباد نے شہر میں منشیات کے سمگلروں کے خلاف سخت اقدامات کئے ہیں اور ان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات بھی درج کئے ہیں فیصل آباد کے شہری اور اہلیان غلام محمد آباد اس سلسلہ میں ہمارے ساتھ تعاون کریں اے این ایف کو خفیہ معلومات فراہم کریں تاکہ معاشرے سے منشیات کی لعنت کو ختم کیا جاسکے۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا شریعت نے جن چیزوں کو انسان کیلئے حرام قرار دیا ہے جو چیزیں انسان کے جسم اور عقل کو نقصان پہنچانے والی ہیں ان میں ایک نشہ آور چیز ہے ہر نشہ آور چیز حرام ہے ہر قسم کا نشہ اور منشیات کا استعمال ہمارے دین میں حرام ہے اور معاشرے کیلئے ناسور اور زہر قاتل بھی ہے والدین اساتذہ کرام اپنی اولاد اور شاگردوں پر گہری نظر رکھیں خدارا نوجوان نسل کو بچانے کیلئے ہر شخص اپنا کردار ادا کرے مرکزی علماء کونسل پاکستان منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلانے میں اینٹی نارکوٹیکس فورس پنجاب کے ساتھ تعاون کرے گی منبر و محراب اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں کالجزاور یونیورسٹیز میں آگاہی سیمینارز منعقد کئے جائیں گے نوجوان نسل کو منشیات کی تباہی سے بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
ایک تبصرہ شائع کریں