گندم کی کٹائی کے بعد بھوسے کو آگ مت لگائیں

فیصل آباد(ابرار مغل)ڈائر یکٹر زراعت (توسیع) فیصل آباد ڈویژن چوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ کاشتکار بھائی گندم کی کٹائی کے بعد بھوسے کو آگ مت لگائیں کیونکہ صحت مند معاشرے اور انسانی صحت کے لئے ماحول کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے۔ مڈھوں کو آگ لگانے سے فضائی آلودگی میں اضافہ کے علاوہ زمین میں موجود نامیاتی مادہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے جس سے زمین کی زرخیزی اور پیداواری صلاحیت میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر فصل کمبائن ہارویسٹر سے برداشت کرنی ہو تو توڑی بھوسہ کی سنبھال کیلئے ویٹ سٹرا چاپر کا استعمال کریں۔پنجاب ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1997 ء اور پنجاب ماحولیاتی تحفظ (سموگ کا سد باب اور روک تھام) قوانین 2023 ء کے تحت سموگ کو فضائی آلودگی قرار دیا گیا ہے لہذا دھان،گندم،مکئی اور دیگر فصلات کی باقیات مڈھوں کو آگ لگانا پنجاب ماحولیاتی تحفظ قوانین کی دفعہ 7 کے تحت قانوناََ جرم ہے۔ اس کی خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانہ عائد کیا جائیگا اور اس کے علاوہ ایف آئی آر کا اندراج الگ سے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تمام کاشتکاروں سے گزارش ہے کہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور قانون پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ بصورت دیگر درج بالا سزاؤں کا اطلاق ہو گا۔انہوں نے کہا کہ فصل کی باقیات کو جلانے سے دھواں پیدا ہوتا جو کہ روڈ حادثات کا موجب بنتا ہے لہذا کاشتکار بھائی فصل کی باقیات کو آگ نہ لگائیں بلکہ روٹا ویٹراور ڈسک ہیرو کی مدد سے زمین میں ملائیں اور نامیاتی مادہ کی مقدار بڑھائیں جس سے زمین کی زرخیزی بڑھے گی اور کاشتکار کے کھاد کے اخراجات میں کمی واقع ہوگی۔

0/Post a Comment/Comments