فیصل آباد(یوسف بخاری)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت اور مینجنگ ڈائریکٹر عامر عزیز کی زیر نگرانی واسا فیصل آباد شہریوں کو پانی کی فراہمی کیلئے متحرک ہے اور حالیہ ہیٹ ویو کے پیش نظر واسا فیصل آباد کی جانب سے آٹھ بازاروں اور چوک گھنٹہ گھر میں واٹر باؤزر متعین کر دیئے گئے اور بازاروں کے کھلنے سے شروع ہو کر بند ہونے تک واسا کے واٹر باؤزر چوک گھنٹہ گھر اور بازاروں میں موجود رہیں گے۔مینجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ واسا فیصل آباد واٹر باؤزرز کے ذریعے شہریوں کو صاف پینے کا پانی فراہم کر رہا ہے اور یہ اقدام حالیہ ہیٹ ویو میں شہریوں کو پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کے لئے اٹھایا جا رہا ہے ۔انہوں نے گرمی کے موسم کی شدت میں اضافہ کے پیش نظر صارفین کو پانی کے ضیاع کو روکنے کی درخواست کی ہے جبکہ یہ بھی واضح کیا کہ واسا انتظامیہ صارفین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گرمی کی شدت کے ساتھ ہی پانی کے استعمال میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے لہذا صارفین ضرورت کے مطابق پانی کا استعمال کریں۔ایم ڈی واسا نے خبردار کیا کہ واسا صارفین واٹر سپلائی کے اوقات کے دوران ہی پانی کا ذخیرہ کریں اور مقرر کردہ اوقات کے بعد موٹرز چلا کر پانی ہرگز حاصل نہ کریں کیونکہ گرمی کے موسم میں موٹرز چلا کر پائپ لائن میں موجود پانی سک کرنے سے اس میں آلودگی شامل ہونے کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا فیصل آباد کی جانب سے مقررہ کردہ شیڈول کے مطابق پانی کی سپلائی جاری ہے تاہم صارفین پانی کو محفوظ بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کریں۔
ایک تبصرہ شائع کریں