فیصل آباد(محمد عثمان)ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)نعمان افضل اعوان نے کی۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز،ایف ڈی اے،ہیلتھ،ہاؤسنگ،سب رجسٹرار،کالونی اسسٹنٹ اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو نے تارکین وطن کاموقف سنتے ہوئے کہا کہ ضلع کے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا شدید احساس کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف کی فراہمی میں جاری اقدامات کو مزید تیز کریں تاکہ ان کے مسائل کے حل میں تاخیرنہ ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل تیز رفتاری سے حل کرنے کے لئے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں لہذا درخواست گزار محکمانہ پیشرفت سے مطمئن ہونے چاہیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ جائیدادوں پر قبضہ و تقسیم سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے ریونیو ریکارڈ کے مطابق موقع چیک کرکے رپورٹس پیش کریں تاکہ ان کے حل کے لئے مزید قانونی اقدامات کئے جا سکیں۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے نمائندوں سے کہا کہ انہیں درپیش مسائل کے حل کے لئے ضلعی انتظامیہ سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور متعلقہ محکموں کو میرٹ پر کیسز نمٹانے کے لئے متحرک کیا گیا ہے۔سی پی او کے نمائندہ نے کہا کہ پولیس سے متعلقہ درخواستوں کو تیز رفتاری سے حل کیا جارہا ہے اور تمام کیسز کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔اجلاس کے دوران اوورسیز کی پولیس ،ریونیو،ایف ڈی اے اور دیگر محکموں سے متعلقہ 14 درخواستیں زیر سماعت آئیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں