فیصل آباد(جواد شیرازی)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس کنوینر کمیٹی /رکن قومی اسمبلی چوہدری شہباز بابر کی صدارت میں ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ،سی پی او کامران عادل کے علاوہ کمیٹی کے ممبران ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری عارف محمود گل،رائو کاشف رحیم،ظفراقبال ناگرہ،جعفر علی ہوچہ ، اورخان بہادر ڈوگرموجود تھے۔اجلاس میں ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ارکان اسمبلی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں عوامی فلاح و بہبود اور علاقائی تعمیر و ترقی کے امور میں مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا۔اس ضمن میں ارکان اسمبلی سے گہرا رابطہ رکھیں گے تاکہ باہمی مشاورت سے دستیاب وسائل کو احسن اندازمیں بروئے کار کر عوامی خدمت کا اعلی ترین معیار قائم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں / اداروں کی سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ان کے مسائل کے تیز رفتار حل کو یقینی بنایا جا سکے۔اس سلسلے میں عوامی شکایات و مسائل سے روگردانی کرنے والے افسران کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی بھی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی ترقی ترجیحات میں شامل ہے اور تعمیر و ترقی کے عمل میں ارکان اسمبلی کو ساتھ لے کر چلیں گے جن کی مشاورت و تجاویز کا بھی خیر مقدم کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنرنے ارکان اسمبلی کی طرف سے نشاندہی کئے گئے بعض محکموں سے متعلقہ مسائل کے فوری ازالہ کے لئے افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں اور کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ باقاعدگی سے منعقد ہونگی اور محکموں سے متعلقہ اہداف مقرر کرکے ان کا تفصیلی جائزہ بھی لیا جائے گا۔انہوں نے اے ڈی پی 2024-25 کے لئے ارکان اسمبلی کی تجویز کردہ عوامی بہبود کی سکیموں اور جاری سکیموں پر عملدرآمد کی پیشرفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اس وقت 8 کروڑ روپے سے 120 ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد جاری ہے جن میں 40 منصوبے مکمل،78 پر کام جاری اور دو منظوری کے مراحل میں ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے چیف منسٹر گورننس اقدامات پر عملدرآمد کے بارے میں بتایا کہ ستھراپنجاب پروگرام جبکہ تجاوزات کے صفایا کے لئے مہم تسلسل سے عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ الائیڈ ہسپتال ون اور II کی اپ گریڈیشن،عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوورکو جلد مکمل کرنا ترجیح ہے ،علاوہ ازیں پارکنگ کے مسائل کے حل کے لئے بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ کو مکمل کرانا ہدف ہے جبکہ واسا کے زیراہتمام غیر ملکی فنڈز سے پراجیکٹس تکمیل کے مراحل میں ہیں۔سی پی او نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کا قیام ترجیح ہے جس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سٹریٹ کرائمز کی روک تھام اور جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کے لئے موثر لائحہ عمل وضع کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ روزانہ کھلی کچہری لگا کر عوامی مسائل و شکایات سن رہے ہیں جبکہ تحصیلوں کے دورے کرکے کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔انہوں نے ارکان اسمبلی کی طرف سے پیش کئے جانے والے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔کنوینر/ایم این اے نے کہا کہ ضلع کی تعمیر و ترقی اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں انتظامیہ سے مکمل کوآرڈیننشن قائم رکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ضرورت کے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرانے کے لئے درکار فنڈز بھی حاصل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون،مظلوم کو انصاف کی فراہمی،محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے،رورل ایریاز میں ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں موجود کمیٹی کے ممبران ارکان اسمبلی نے واسا کی سروسز کے معیار میں مزید بہتری لانے سمیت ٹریفک کے مسائل حل کرنے اور واپڈا و سوئی گیس کے محکموں سے متعلقہ بعض مسائل کی نشاندہی کی۔
ایک تبصرہ شائع کریں