فیصل آباد(ارم نواز) محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام علماء کرام کے ساتھ آگاہی سیشن منعقد ہوا۔ڈسٹرکٹ آفیسرطیبہ اعظم خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ کو بہبود آبادی پروگرام کی اہمیت سے اجاگر کرنے میں علماء کرام کی معاونت قابل ستائش ہے۔انہوں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ محراب ومنبر سے لوگوں کو خاندان وسائل کے مطابق رکھنے کا شدیداحساس اجاگر کرتے رہیں تاکہ مطلوبہ نتائج کا حصول یقینی ہو۔انہوں نے کہا کہ نو عمر لڑکیوں کی تعلیم اور صحت ملک کی اصل سر مایہ کار ی ہے۔ بچیوں کی بہتر تعلیم اور تربیت سے ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے ایک تربیت یافتہ ماں ہی کل بچوں کو بہترین تربیت اور تعلیم دینے میں معاون ثابت ہو گی جس سے تندرست معاشرہ پروان چڑھے گا۔انہوں نے آبادی کو کنٹرول کرنے اور اپنے بچوں کو بہتر مستقبل دینے کے لئے ان کی بہتر نشوونما پر زور دیا۔انہوں نے سیمینار میں شرکت پر علماء کرام کا شکریہ اداکیا۔سیمینار سے مولانا محمد حفیظ،ڈویژنل خطیب مولانا اسلم ساقی ودیگر علماء نے بھی خطاب کیا اور بہبود آبادی پروگرام کی کامیابی کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر طارق لطیف بھی موجود تھے۔
ایک تبصرہ شائع کریں