فیصل آباد(یوسف بخاری)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں اور تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چک نمبر208 رب میں ایک غیر قانونی ہائوسنگ کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور دفتر کو سر بمہر جبکہ گلستان کالونی میں پختہ و عارضی تجاوزات کا صفایا کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں قائم کی جانیوالی ہائوسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو چک نمبر208 رب کی اراضی پر ماڈل سٹی ایگزیکٹو بلاک کے نام سے قائم کی جانیوالی ہائوسنگ سکیم کی غیر قانونی پایا جس میں نصب کئے گئے لائٹس کے کھمبوں ، نا مکمل سڑکوں اور دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کرکے دفتر کو سیل کردیا گیا اور ڈویلپرزکو متنبہ کیا گیا ہے کہ مزید قانون شکنی سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمہ بھی درج کرایا جاسکتا ہے لہٰذا ہائوسنگ سکیم کے قیام سے قبل تمام تر قانونی و محکمانہ تقاضے پورے کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے ۔ علاوہ ازیں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گلستان کالونی میں عزیز فاطمہ ہسپتال روڈ پر دکانداروں کی طر ف سے کی گئی تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کرکے ٹریکٹر ودیگر مشینری کی مدد سے تھڑوں، چھپروں اور حدود سے تجاوز شیڈز سمیت دیگر پختہ وعارضی تجاوزات کا صفایا کردیاگیا اور تجاوزات میں ملوث سامان قبضہ میں لے کر دکانداروں کیخلاف سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے ۔ دکانداروں کو وارننگ دی گئی ہے کہ وہ آئندہ عوامی راستوں و سرکاری جگہ پر تجاوزات سے گریز کریں ورگرنہ قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جائیں۔
ایک تبصرہ شائع کریں