فیصل آباد(یوسف بخاری) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی زیر صدارت عوامی بہبود کے اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں 17۔ ایجنڈا آئٹمز پر محکموں سے بریفنگ لی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ روٹی نان کی مقررہ قیمت اور وزن کے مطابق فروخت میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔باربار روٹی/نان مہنگے داموں فروخت اور وزن پورا نہ ہونے پر تندور وہوٹل مالکان کو بھاری جرمانے اورمقدمات درج کرائیں۔انہوں نے کہا کہ قیمت ایپ پنجاب اور دیگرپورٹل پر موصولہ صارفین کی شکایات کا تیزی سے ازالہ ہونا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں پرائس کنٹرول میکنزم پر بھی حکومتی ویژن کے مطابق عملدرآمد یقینی بنائیں۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹوں وبازاروں میں اشیائے ضروریہ کی چیکنگ کریں۔گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں سے صارفین کو ریلیف ملنا چاہیے۔انہوں نے ہدایت کی انسداد تجاوزات آپریشن کو مزید تیز کریں۔وال چاکنگ کا صفایا اور وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیں۔انہوں نے سٹرکوں کے پیچ ورک پر بریفنگ لی اور کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس سو فیصد فعال ہونے چاہیں۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن سے کہا کہ باقی ماندہ سٹریٹ لائٹس کو چالو کرایا جائے۔اس ضمن میں شہریوں کی نشاندہی پر بھی فوکس ہونا چاہیے۔پارکوں وگرین بیلٹس کی بحالی پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ میرج ایکٹ پر عملدرآمد کو مسلسل چیک کیا جائے اور خلاف ورزی پر ایکشن لیں۔اشیائے ضروریہ کے ملاوٹ مافیا کے خلاف مہم کا دائرہ وسیع کریں۔عطائیت کے خلاف مہم پر پیشرفت بارے بریفنگ لی۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم کا تسلسل جاری رہنا چاہیے۔ہیلتھ مراکز میں صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں۔سیورلائینز وڈرینز کی صفائی اور کوئی مین ہول بغیر کور نظر نہیں آنا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حکومتی ویژن کے مطابق عوامی بہبود کے اقدامات میں تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ایک تبصرہ شائع کریں