فیصل آباد(یوسف بخاری)مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے پینے کے پانی کی سمپلنگ اور ٹیسٹنگ روزانہ کی بنیاد پر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ واٹر ڈسٹری بیوشن اینڈ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں سے پانی کے نمونے لیکر واسا لیب بھجوائے جبکہ انچارج واسا لیبارٹری تمام سمپلز کی مکمل جانچ پڑتال کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔اس حوالے سے ایم ڈی واسا نے کہا کہ گرمی کی شدت کے دوران پینے کے پانی کا آلودہ ہونا سنگین مسئلہ ہے جس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے جس کے لئے واٹر ڈسٹری بیوشن اینڈ مینجمنٹ ڈائریکٹر مختلف علاقوں میں اچانک واٹر سپلائی کے نمونے لیکر واسا لیبارٹری بھجوائے تاکہ ان نمونوں کے نتائج کی روشنی میں پینے کے پانی کو آلودگی سے بچانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے اور اس مسئلہ پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا فیصل آباد کا شہریوں کو معیاری پینے کے پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ قبل ازیں مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے منڈا پنڈ میں قائم واسا بوٹلنگ پلانٹ کا دورہ کیا اور پانی کی تیاری کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بوٹلنگ پلانٹ پر ملازمین کی نماز کی ادائیگی کیلئے نئی مسجد کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور ملک و قوم اور محکمہ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔ ایم ڈی واسا نے بوٹلنگ پلانٹ کے احاطہ میں گرین اینڈ کلین پروگرام اور شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ثاقب رضا، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید و دیگر افسران و سٹاف بھی موجود تھا۔
ایک تبصرہ شائع کریں