شہری کپڑے کے تیار کردہ بیگ/تھیلے یا بائیو ڈی گریڈایبل بیگز استعمال کریں۔ کمشنر فیصل آباد

فیصل آباد(ارم نواز)کمشنر فیصل آبادسلوت سعیدپلاسٹک کی ایک بار استعمال ہونے والی پراڈکٹس پر مکمل پابندی بارے آگاہی کے لئے خود میدان میں آگئیں ۔ انہوں نے چوک گھنٹہ گھر جاکر تاجر تنظیموں کے ہمراہ دکانداروں میں بائیو ڈیگریڈ ایبل بیگز اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے۔انہوں نے بتایا کہ آج عالمی یوم ماحولیات پر پلاسٹک بیگزسمیت پلاسٹک کی ایک باراستعمال ہونے والی اشیاء پر پابندی عائد ہے لہذاکاروباری افراد انتظامیہ کا ساتھ دیں ، پلاسٹک سے چھٹکارا پائیں اور ماحول کومحفوظ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ٹیمیں بھی فیلڈ میں سرگرم اور خلاف ورزی پر ایکشن لے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری بھی پابندی کی حامل اشیاء کا استعمال ترک کردیں۔بازار،دکان سے خریداری کرتے وقت کپڑے کے تیار کردہ بیگ/تھیلے یا بائیو ڈی گریڈایبل بیگز استعمال کریں۔ماحول کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام تاجر تنظیموں نے مکمل تعاون اور پابندی پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد زبیر وٹو،ڈپٹی ڈائریکٹرماحولیات جوہر عباس رندھاوا،سی ٹی او مقصود احمد لون کے علاوہ تاجر حضرات اور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے۔یادرہے کہ آج 5 جون سے 75 مائیکرون سے کم موٹائی 12x16انچ سے کم سائز کے پلاسٹک بیگ،پلاسٹک سٹکس والی ایئر بڈز ، غباروں والی پلاسٹک سٹکس پرپابندی ہے۔ اسی طرح پلاسٹک کے جھنڈے،پلاسٹک کینڈی سٹکس،پلاسٹک آئس کریم سٹکس،پولی سٹائرین ڈسپوزیبل کپ ، گلاس،پلیٹس،فوڈ باکسز،مٹھائی کے ڈبوں پر پلاسٹک ریپنگ،پلاسٹک کارڈز،پلاسٹک سگریٹ پیکٹ،80 مائیکرون سے کم پلاسٹک یا پی وی سی بینرز اور40 مائیکرون سے کم ملٹی لیئر پیکنگ(کھانے ادویات کے لئے استشناء)پر پابندی ہوگی۔

0/Post a Comment/Comments