بڑے شہروں میں میٹرو بس سروس کے آغاز کیلئے منصوبہ سازی

فیصل آباد(آفتاب احمدخان)حکومت پنجاب اور ورلڈ بنک و ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک کے اشتراک سے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی)کے تحت صوبہ کے بڑے شہروں میں میٹرو بس سروس کے آغاز کیلئے منصوبہ سازی جاری ہے اس سلسلے میں ورلڈ بنک کے زیراہتمام ''لیڈرز ان اربن ٹرانسپورٹ پلاننگ'' کے حوالے سے سیئول کوریا میں منعقدہ سات روزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی ہے جس میں پنجاب پاکستان سمیت دنیا بھر سے 17 کے قریب مختلف ممالک نے شرکت کی۔ حکومت پنجاب کی طرف سے نامزد کردہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب گجر نے اس ورکشاپ میں شرکت کی اور مختلف سیشن کے دوران ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں بڑے شہروں کے مسائل، اربن ٹرانسپورٹ کے جدید سسٹم کی ضروریات اور اب تک سروے و سٹڈی کے بارے میں پریذنٹیشن دینے کے علاوہ مختلف ممالک کے اربن ٹرانسپورٹ سسٹم اور ان کی پلاننگ کا جائزہ لیا۔ ورکشاپ کے دوران ورلڈ بنک کے ماہرین اجے کمار، یومن لی، اوم پرکاش اگروال، نرگس رشکولوا و دیگر نے ''فارملائزئنگ بس آپریشن'' ''ایکٹیو ٹرانسپورٹ پلاننگ''، ''لاجسٹک ارینجمنٹ''، سمارٹ کارڈ ٹی منی(T-Money) اور اربن ٹرانسپورٹ سسٹم کے حوالے سے مختلف تکینکی امور اور اس ضمن میں مسائل کے حل کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ورکشاپ میں شریک مختلف ممالک کے نمائندگان کو ٹرانسپورٹ سسٹم سے متعلق ٹیکنیکل و آپریشنل معلومات، اصلاحات سے آشنائی کے علاوہ سیئول ٹرانسپورٹ آپریشن اینڈ انفارمیشن سروس سمیت ٹرانسپورٹ پلاننگ کے حوالے سے مختلف اداروں کا وزٹ کرایاگیا۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب گجر نے اربن ٹرانسپورٹ پلاننگ کے سلسلے میں ورکشاپ کے انعقاد پر ورلڈ بنک کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اربن ٹرانسپورٹ کے بارے میں مسائل کے حل اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی منصوبہ بندی کے حوالے سے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تکنیکی و فنی معلومات بے حد مفید ثابت ہونگی۔ورکشاپ کے اختتام پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب ڈاکٹراحمد جاوید قاضی نے اپنے محکمہ اور چیف انجینئر مہرایوب نے ایف ڈی اے کی طر ف سے کورین آگنائزر مسٹی ہی شیول شن کو فیصل آباد کے تاریخی گھنٹہ گھرکے ماڈل پر مبنی یادگاری شیلڈز پیش کیں۔

0/Post a Comment/Comments